خرم لغاری کی کار پر نامعلوم افراد کی فائرنگ

09:40 AM, 12 Oct, 2019

مظفر گڑھ: مشیر وزیراعلیٰ پنجاب سردار خرم لغاری کی کار پر نامعلوم افراد کی جانب سے فائرنگ اطلاع ملی ہے تاہم وہ واقعے میں محفوظ رہے۔خاندانی ذرائع کے مطابق مظفرگڑھ کے علاقے شاہجمال کے قریب نامعلوم افراد نے مبینہ طور پر مشیر وزیراعلی پنجاب سردار خرم لغاری کی گاڑی پر فائرنگ کی۔

خرم لغاری لاہور سے تحصیل جتوئی واپس آ رہے تھے اور سردار خرم لغاری کے خاندانی ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ فائرنگ کے دوران سردار خرم لغاری نے لائٹیں بند کر کے گاڑی بھگا دی جس کے باعث وہ اور ان کی گاڑی محفوظ رہی۔

دوسری جانب پولیس ترجمان وسیم خان گوپانگ کے مطابق مشیر وزیراعلیٰ پنجاب سردار خرم لغاری کی جانب سے پولیس کو مطلع کیے جانے کے بعد ڈی ایس پی صدر، ایلیٹ فورس اور تھانہ شاہجمال اور تھانہ خانگڑھ کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ گاڑی پر بھی فائرنگ کا کوئی نشان بھی نہیں ہے تاہم واقعے کی تحقیقات کی جائے گی۔ پولیس علاقے کے رہائشیوں سے معلومات اور شواہد اکٹھے کر رہی ہے۔

مزیدخبریں