لاہور: رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں تجارتی خسارے میں 34 اعشاریہ 85 فیصد کمی ہوئی ہے۔ ادارہ شماریات نے مالی سال 20-2019 کی پہلی سہ میں تجارتی خسارے کے حوالے سے اعداد و شمار پیش کر دیے ہیں۔
ادارہ شماریات کے مطابق تجارتی خسارہ جولائی سے ستمبر تک 5 ارب 72 کروڑ ڈالر رہا جبکہ گزشتہ سال اس دورانیے میں تجارتی خسارہ 8 ارب 79 کروڑ ڈالر تھا۔
ادارہ شماریات نے بتایا کہ پہلی سہ ماہی کے دوران برآمدات میں 2 اعشاریہ 75 فیصد اضافہ ریکارڈ ہوا اور پہلی سہ ماہی میں برآمدات 5 ارب 52 کروڑ ڈالرز رہیں۔
ادارہ شماریات کے مطابق رواں سال کی پہلی سہ ماہی میں درآمدات میں 20 اعشاریہ 59 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی اور جولائی تا ستمبر درآمدات 11 ارب 25 کروڑ ڈالرز رہیں۔
ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ ستمبر 2019 میں برآمدات میں 2اعشاریہ67 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جو کہ ایک ارب77 کروڑ ڈالرز رہیں جبکہ ستمبر میں درآمدات میں 13 اعشاریہ 90 فیصد کمی ہوئی اور درآمدات 3 ارب 78 کروڑ ڈالر رہیں۔ تجارتی خسارہ 2 ارب ڈیڑھ کروڑ ڈالر کم ہوا۔