پی ٹی آئی نے 50دنوں میں عام آدمی کا جینا حرام کردیا، ملک چلانا نیازی کے بس کی بات نہیں،حمزہ شہباز 

10:52 PM, 12 Oct, 2018

لاہور:  پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ کل14اکتوبر کو مخالفین کے منفی ہتھکنڈوں کے باوجود پنجاب کی سڑکوں پر شیر ہی دھاڑے گا،جعلی مینڈیٹ والے پی ٹی آئی کے اناڑی حکمرانوں نے 50دنوں میں ہی عوام کا جینا مشکل کردیا ،عمران نیازی کہتے تھے کہ اگر میں آئی ایم ایف سے قرضہ لوں گا تو اس سے پہلے خود کشی کر لوں گا ۔ وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا کہ میں آئی ایم ایف کے پیچھے نہیں چھپوں گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز لاہور، کھیوڑہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ نیازی صاحب آپ نے پریس کانفرنس میں جس وزیر اعلیٰ کے تعریفوں کے پل باندھے وہ شخص 1998ء میں انسداد دہشتگردی عدالت میں قتل کے مقدمے میں دیت دے کررہا ہوا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ میں عمران خان کی توجہ اس جانب مبذول کرانا چاہتا ہوں کہ آپ نے کہا کہ میں ہوتا تو پچاس لوگوں کو گرفتار کرا چکا ہوتا آپ کو اس کا آغاز کرنا چاہیے آپ کی بہن پر آ ف شور کمپنیوں کا الزام ہے ، پنجاب کابینہ کے سینئر وزیر کے خلاف ای او آئی بی کا سکینڈل ہے اور اسی طرح کی درجنوں مثالیں موجود ہیں۔نیازی صاحب اپنے دائیں بائیں جھانکیں جس شخص کو پنجاب میں سپیکر کے عہدے پر بٹھایا گیا ہے ان کی جانب سے پنجاب بینک پر 22ارب کا ڈاکہ ڈالا ، ان کا بیٹا این آئی سی ایل میں جیل کاٹ کر آیا ہے ، آپ پچاس لوگوں کا نام سامنے لائیں ، میں کہنا چاہتا ہوں کہ اگر نواز شریف اور مریم نواز جیل جا سکتی ہیں تو پھر عمران نیازی صاحب حوصلہ پیدا کرو علیم خان پر بھی آف شور کمپنیوں کا الزام ہے انہیں بھی گرفتار کرو ۔

انہوں نے کہا کہ مشرف کے دور میں بھی ہمارے خلاف انتقامی کارروائیاں ہوئیں لیکن ہم سرخرو ہوئے ۔ شہباز شریف وہ شخص ہے جس نے دن رات اس صوبے کی خدمت کی او راپنی صحت کو بھی داؤ پر لگادیا ۔ آپ نے پریس کانفرنس میں بطور وزیر اعظم جو زبان استعمال کی وہ آپ کو زیب نہیں دیتی مجھے میرے لیڈر نے گالیاں اور جھوٹ بولنا نہیں سکھایا ۔ آ پ عوام کے ووٹوں سے نہیں بلکہ جعلی مینڈیٹ کی پیداوار ہیں اور عوام آپ کو جعلی وزیر اعظم مانتے ہیں ،دلوں کا وزیراعظم آج بھی نواز شریف ہے ۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کو صاف پانی کیس میں بلالیا گیا لیکن کوئی ثبوت نہ ملا تو آشیانہ میں دھر لیا گیا ۔ عمران نیازی صاحب آپ خیبر پختوانخواہ حکومت کے سرکاری ہیلی کاپٹر پر سیر سپاٹے کرتے رہے اور کروڑوں روپے کا پیٹرول پھونکا آپ کو کیوں گرفتار نہیں کیا گیا ۔ 

مزیدخبریں