یو اے ای میں جائیدادیں رکھنے والے 25 سیاستدانوں کا سراغ لگا لیا :ایف آئی اے

09:52 PM, 12 Oct, 2018

اسلام آباد: وفاقی تحقیقاتی ادارے فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کو متحدہ عرب امارات میں جائیدادیں رکھنے والے 25 سیاستدانوں کا سراغ مل گیا۔

تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے نے بیرون ملک اثاثہ کیس میں سپریم کورٹ رپورٹ پیش کردی جس میں کہا گیا ہے کہ 25 سیاستدانوں کی متحدہ عرب امارات میں جائیدادوں کا سراغ مل گیا البتہ اُن کے قانونی یا غیر قانونی ہونے کا تعین نہیں ہوسکا۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بیرون ملک اثاثہ جات کیس میں ایمنسٹی اسکیم آڑے آگئی کیونکہ نیب کے ریڈار میں موجود 21 ملزمان نے بھی اس اسکیم سے فائدہ اٹھایا۔

ایف آئی اے کے مطابق نیب کے 2 مفرور ملزمان بھی متحدہ عرب امارات میں جائیدادوں کے مالک نکلے، 895 میں سے 642 افراد نے بیانِ حلفی جمع کرادیے جبکہ 72 نے پاکستانیوں نے جائیدادوں کی ملکیت سے انکار کردیا۔سپریم کورٹ کو  پیش کی جانے والی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 364 پاکستانیوں نے ایمنسٹی اسکیم کے بعد جبکہ 200 افراد نے اسکیم سے پہلے جائیدادیں ظاہرکیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایمنسٹی اسکیم میں جائیدادوں کی تفصیل خفیہ ہونے پر تحقیقاتی ادارے کو مشکلات درپیش ہیں کیونکہ ایف بی آر ایمنسٹی اسکیم کی معلومات خفیہ رکھنے کا پابند ہے اس لیے  ایف آئی اے فائدہ اٹھانے یا نہ اٹھانے والوں کی تصدیق کرنے سے قاصر ہے۔

یاد رہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے کو دبئی میں جائیدادیں رکھنے والے پاکستانیوں کی کھوج لگانے کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دی تھی جس کو تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے عدالت نے ہدایت کی تھی کہ وہ معلوم کریں اربوں روپے کا سرمایہ پاکستان سے کیسے اور کیوں منتقل ہوا۔

مزیدخبریں