ریاض: کنگ خالد انٹرنیشنل ائیرپورٹ ریاض پر "اپنی خدمت آپ"کے اصول کے تحت سعودی عرب آتے جاتے وقت امیگریشن کی کارروائی ازخود انجام دینے کیلئے مطلوب مشینیں نصب کر دی گئیں۔ یہ سہولت سعودی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں دونوں کیلئے ہے۔
یہاں پاسپورٹ زون میں امیگریشن کی کارروائی کیلئے خودکار مشینوں کا تجرباتی استعمال شروع کر دیا گیا۔ سعودی محکمہ پاسپورٹ کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل سلیمان بن عبدالعزیز الیحییٰ اور نیشنل انفارمیشن سنٹر کے نگران اعلیٰ میجر جنرل ڈاکٹر طارق بن عبداللہ الشہری نے متعدد عہدیداروں کی موجودگی میں مذکورہ سروس کا افتتاح کیا۔ الیحییٰ نے بتایا کہ خود کا ر مشینیں"سفری کارروائی نمٹانے کیلئے مخصوص ہیں۔ مسافر حضرات مملکت آتے جاتے وقت امیگریشن کی کارروائی ان مشینوں کی مدد سے ازخود کر سکیں گے۔
انہیں اس مقصد کیلئے محکمہ پاسپورٹ کے اہلکاروں کے کاؤنٹر جانا ضروری نہیں ہو گا۔ الیحییٰ نے اطمینان دلایا کہ امیگریشن کی کارروائی ازخود انجام دینے کا تجربہ کنگ خالد انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے شروع کیا جا رہا ہے۔ کامیاب ہونے پر مملکت کے تمام ہوائی اڈوں، بندرگاہوں اور بری سرحدی چوکیوں پر بھی لاگو کردیا جائے گا۔ اس سے سعودی ویڑن 2030کے تحت سعودی او رمقیم غیر ملکی سب استفادہ کریں گے۔
الیحییٰ نے مزید بتایا کہ "اپنی خدمت آپ" کے اصول کے تحت نصب کی جانے والی مشینیں مسافروں کے استعمال میں ہوں گی جبکہ نگران مشینوں پر محکمہ پاسپورٹ کے اہلکار تعینات ہو ں گے۔ جن کی مدد سے وہ مسافروں پر نظر رکھ سکیں گے۔ خودکار مشینیں پاسپورٹ اور قومی شناختی کارڈ میں مذکور معلومات کو ریڈ کریں گی۔
مسافر سے متعلق معلومات چیک کریں گی۔ مسافر کی تصویر اور اس کے فنگر پرنٹس لے کر اس کی شناخت کی بابت اطمینان حاصل کیا جائے گا۔ اس حوالے سے کوئی بھی مشکل نہ آنے او رپہچان کی کارروائی معمول کے مطابق انجام پا جانے پر مشین مسافر کو پاس جاری کردے گی۔ خودکار کارروائی کے دوران مشکل آنے پر مشین مسافر کو پاسپورٹ اہلکار کے پاس جانے کی ہدایت جاری کرے گی۔ اس پر پاسپورٹ اہلکار اس کی کارروائی نمٹائے گا۔