ہمارے ملک میں کام کرنے والی خواتین کے ساتھ یہ سلوک دیکھ کر میرا دل افسردہ ہے:امیتابھ بچن

12:04 PM, 12 Oct, 2018

ممبئی: لیجنڈ بالی ووڈ اداکار امیتابھ بچن نے بھی انڈسٹری میں جاری جنسی ہراسانی کے واقعات پر خاموشی توڑی دی اور کہا ہے کہ اگر ہم خواتین کو عزت نہ دے سکیں تو یہ ہمارے لیے ایک نہ مٹنے والا داغ ہوگا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق امیتابھ بچن نے کہا کہ کسی بھی خاتون کو بالخصوص کام کی جگہ پر کسی قسم کی بدتمیزی اور غلط رویے کا نشانہ نہیں بنانا چاہیے، ایسے واقعات فوری طور پر انتظامیہ کے نوٹس میں آنے چاہئیں اور اس پر ضروری اقدامات اٹھائے جانے چاہئیں خواہ متعلقہ انتظامیہ سے کہا جائے یا پھر قانون کا سہارا لیا جائے۔

امیتابھ بچن نے کہا کہ شہری، سماجی، معاشرتی اقدار اور تہذیب کو ابتدائی کورس میں پڑھانے کی ضرورت ہے، خواتین معاشرے کے کمزور رکن ہونے کی وجہ سے اس کی زد پر ہیں، انہیں خصوصی تحفظ درکار ہے لیکن ہمارے ملک میں کام کرنے والی خواتین کے ساتھ یہ سلوک دیکھ کر میرا دل افسردہ ہے.

اگر ہم خواتین کو ان کے مطابق وقار اور عزت نہ دے سکیں تو یہ ہمارے لیے ایک ایسا داغ ہوگا جو کبھی نہیں مٹ سکے گا۔واضح رہے کہ تنوشری دتہ کی جانب سے نانا پاٹیکر پر جنسی ہراسانی کے الزامات کے بعد سے بالی ووڈ انڈسٹری میں ’می ٹو‘ مہم نے زور پکڑ لیا ہے اور روز بروز نئے واقعات سننے میں آرہے ہیں۔

مزیدخبریں