راولپنڈی:بھارت کی جانب سے ایک بار پھر لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کی گئی ہے اورسیالکوٹ سیکٹر کے گاؤں سکھیال پر بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجے میں ایک شہری شدید زخمی ہوگیا جبکہ پاکستان رینجرز نے بھارتی اشتعال انگیزی پر احتجاج کیلئے فلیگ میٹنگ کا مطالبہ کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بھارتی فورسز نے سیالکوٹ سیکٹر کے گاؤں سکھیال پر بلااشتعال فائرنگ کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فورسز کی فائرنگ سے شہری محمد حنیف شدید زخمی ہوا جو اس وقت کھیتوں میں کاشت کاری کررہا تھا۔
زخمی شہری کو سی ایم ایچ سیالکوٹ منتقل کردیا گیا ہے جبکہ پاکستان رینجرز کا بھارتی اشتعال انگیزی پر احتجاج کیلئے فلیگ میٹنگ کا مطالبہ کردیا ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق فلیگ میٹنگ کا مطالبہ ورکنگ باؤنڈری پرسیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی پر کیا گیا۔