مدارس کے طلبا کو قومی دھارے میں لانے کی حکمت عملی مرتب ہو رہی ہے, ناصر جنجوعہ

10:13 PM, 12 Oct, 2017

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد:  قومی سلامتی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل (ر)ناصر جنجوعہ نے کہا ہے کہ مدارس کے طلبا کو عصری تعلیم و تربیت کے ذریعے قومی دھارے میں لانے کی حکمت عملی مرتب کر رہے ہیں جس کے لیے تمام مکاتب فکر کے علما کرام اور مدارس کے پانچوں وفاق کی قیادت سے مشاورت کا عمل جاری ہے۔

قومی سلامتی کے مشیرناصر جنجوعہ اسلام آباد میں مدارس کے طلبا کو قومی دھارے میں لانے کے لیے اصلاحات سے متعلق اجلاس سے خطاب کر رہے تھے جہاں وفاقی وزیر برائے پیشہ وارانہ تربیت بلیغ الرحمان، اتحاد تنظیم المدارس کے سربراہ مفتی منیب الرحمن، وفاق المدارس کے حنیف جالندھری، محمد یاسین ظفر، مولانا عبدالمالک، مولانا نیاز حسین نقوی کے علاوہ وزارت مذہبی امور اور وزارت تعلیم کے اعلی حکام بھی موجود تھے۔

ناصر جنجوعہ نے کہا کہ حکومت مدارس کے طلبا کو قومی دھارے میں لانا چاہتی ہے جس کے لیے مدارس میں لازمی مضامین کے ساتھ ساتھ گریجویشن تک تعلیم کا ایک منصوبہ بنایا جارہا ہے جو آج کے اجلاس میں بھی مشاورت کا حصہ تھی۔

اجلاس کے شرکا نے قومی سلامتی کے مشیر کی جانب سے مدارس کے طلبا کے روشن مستقبل کے لیے کی گئی کاوشوں کو سراہا.

مزیدخبریں