پشاور: سابق صدر اور پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری نے کہا ہے کہ ملک میں معاشی ایمرجنسی لگائی جائے، ملک معاشی لحاظ سے کمزور ہو رہا ہے تو کوئی تو ذمے دار ہوگا، جب بھی مسلم لیگ کو حکومت ملی اس نے ملک کو کنگال کیا۔
پشاور میں پریس کانفرنس سے خطاب میں آصف زرداری کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) نے قرضہ بہت بڑھایا ہے جسے اتارنا بھی ہے، پیپلزپارٹی جب بھی حکومت میں آئی ایکسپورٹ اور فنانس بڑھی اور پیپلزپارٹی کی حکومت نے ہمیشہ پاکستان کاخزانہ بھرا۔انہوں نے کہا کہ ہمارے دورمیں دنیا میں معاشی بحران تھا، اب ایسا نہیں، پچھلے چار سال میں نوازشریف نے کچھ نہیں کیا، لاہور کے حلقے این اے 120 میں ضمنی الیکشن ہوئے تو لوگوں کو روزگار ملا، ضمنی انتخاب میں میاں صاحب کے حلقے میں مریم نوازگئیں تو راتوں رات کام ہوگئے۔
سابق صدر کا کہنا تھا کہ نوازشریف کہتے ہیں مجھے کیوں نکالا، میاں صاحب آپ کو شک ہے تو نکلے کیوں، اگر وہ بے قصور تھے تو کیوں نکلے۔ہمارے دورمیں ایک جج صاحب ٹکر میں تھے، گیلانی کو گھربھیج دیا تھا، ہمارے دور میں وزیراعظم کو گھر بھیجا گیا تو اقتدار کی منتقلی آرام سے ہوگئی تھی اور ہم نے کوئی جلوس نہیں نکالا، ہم نے یوسف رضا گیلانی کو احتجاج کے لیے بھی نہیں کہا۔
تحریک انصاف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے آصف زرداری نے کہا کہ کپتان صاحب اپنی دنیا میں مست ہیں، ان کی نظرمیں سب سے اچھا بندہ پرویزخٹک ہے، کل میں پرویزخٹک کے گاو¿ں میں تھا وہاں بھی نیاپاکستان نہیں ،صرف کچرا نظر آیا، حکومت میں آئے تو خیبرپختونخوا کے کونے کونے میں پہنچیں گے، پشاور میں لوگوں کو روزگار ملے گا، گیس اور بجلی ملے گی۔