اسلام آباد:اس موقع پر میاں عتیق شیخ نے کمیٹی میں اپنا بل پیش کرتے ہوئے بتایا کہ مارننگ شو میں کیا ہوتا ہے اس میں میرا ذاتی طور پر کوئی واسطہ نہیں تاہم جوس کے ٹوٹے پھوٹے برتنوں میں گھاس پھوس اور انار کے جوس نکالے جارہے ہوتے ہیں اوراس میں ایک ماڈل گرل ہمارے بچے اور بچیوں کو صحت بہتر بنانے کے حوالے سے نصحیتیں کررہی ہوتی ہیں ۔
کسی کی نانی دادی کے ٹوٹکے سرعام ٹی وی پر نشر کرکے ہمارے بچوں میں بیگاڑ پیدا کیا جارہا ہے لہذا میری تجویز ہے کہ اس قسم کی عام ہربل میڈیسن کی تشہیر اور اسے نشر کرنے کے حوالے سے جو بھی پروگرام ہو اس پر حکیم کا سرٹیفکیٹ اور دس سالہ تجربہ ناگزیر ہونا چاہیے۔
جبکہ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات ونشریات نے سینیٹر میاں محمد عتیق کے نجی ٹی وی چینلز پر مارننگ شو میں دیسی ٹوٹکوں پر پابندی کے حوالے سے بل پر اعتراض لگا دیئے ، بل کو پیمرا اوروزارت قانون وانصاف کیساتھ مشاورت کرکے دوبارہ بہترین الفاظ کیساتھ مرتب کرکے پیش کرنے کی ہدایت کردی گئی جبکہ خیبرپختونخوا کے حوالے سے سرکاری ٹی وی پر چلنے والے پروگرام سے متعلق معطل ملازمین کی انکوائری رپورٹ بھی طلب کی گئی ہے ۔