ہنوئی:ایشیا کے اہم ترین ملک میں حالات شدید خراب، ویتنام میں شدید بارشوں کے بعد طوفان اور لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں کم ازکم 37 افراد ہلاک اور درجنوں لاپتہ ہوگئے ہیں۔بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق ویتنام کے وسطی اور شمالی علاقوں میں قدرتی آفات نے بڑے پیمانے پر تباہی پھیلائی ہے۔ ایک ہزار سے زائد گھر تباہ ہوچکے ہیں جبکہ ہزاروں لوگ بے گھر ہوگئے ہیں۔
ڈیزاسٹر مینجمنٹ حکام کا کہنا ہے کہ طوفان اور لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ 15 ہزار سے زائد افراد محفوظ ٹھکانوں کے متلاشی ہیں اور بے سروسامانی کے عالم میں کھلے آسمان تلے بیٹھے ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ سب سے زیادہ تباہی ملک کے وسطی اور شمالی صوبوں میں ہوئی ہے جہاں شدید بارشوں کے بعد طوفانی صورتحال ہے جبکہ لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات بھی پیش آئے ہیں۔
صوبے ہوابن میں گھروں پر پہاڑی تودہ گرنے سے درجنوں لوگ دب گئے جس میں اب تک کی اطلاعات کے مطابق 37 افراد کی لاشیں نکالی جاچکی ہیں جبکہ 40سے زائد افراد لاپتا ہیں۔ قدرتی آفات سے متاثرہ علاقوں میں فوج اور ریسکیو ٹیمیں امدادی کارروائیاں جاری رکھے ہیں اور لوگوں کو متاثرہ علاقوں سے بحفاظت نکالنے کیلئے بھی ڈزاسٹرمینجمنٹ سیل اپنی کوششوں میں مصروف ہے۔