'تخلیقی صلاحیتیں ختم ہو گئیں تو فلمی دنیا سے کنارہ کشی اختیار کر لوں گا'

09:04 AM, 12 Oct, 2017

'تخلیقی صلاحیتیں ختم ہو گئیں تو فلمی دنیا سے کنارہ کشی اختیار کر لوں گا'

ممبئی: عامر خان نے ترکی سے واپسی پر بھارتی ٹی وی کو انٹرویو دیا جس میں انہوں نے اپنے فلمی کیرئیر اور ذاتی زندگی پر کھل کر بات کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک دن ان کی تخلیقی صلاحیتیں ختم ہو جائیں گی لیکن ان کی خواہش ہے کہ اس کا علم انہیں سب سے پہلے ہو تاکہ وہ فلمی دنیا سے کنارہ کشی اختیار کر لیں۔ فلمی دنیا میں اقربا پروری کے حوالے سے سوال پر عامر خان نے کہا کہ اقربا پروری فلمی صنعت میں ہی نہیں بلکہ ہر جگہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اپنے بچوں کو فلم نگری میں متعارف کرانے سے کچھ نہیں ہوتا کیوں کہ اصل فیصلہ فلم بینوں نے کرنا ہوتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں ان سب چیزوں سے کوئی فرق نہیں پڑتا ہے کیوں کہ وہ اپنی فلموں میں سچائی کو ثابت کرنے کی کوشش کرتے ہیں اور اس معیار پر پورا اترنے والوں کو ہی سامنے لاتے ہیں۔ گزشتہ دنوں امریکی جریدے فوربز نے دنیا بھر میں سب سے زیادہ کمائی کرنے والے اداکاروں کی فہرست جاری کی جس میں بالی وڈ کے بھی کئی نام شامل تھے لیکن اس میں عامر خان کا نام نہیں تھا۔

اس حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ وہ اچھا خاصا اور ضرورت سے زیادہ پیسہ کما لیتے ہیں اس لیے ان کے لیے فلموں سے کمائی کرنا کوئی معنی نہیں رکھتا کیوں کہ وہ دلوں کو چھونے کے خواہش مند ہیں۔ عامر خان نے مزید کہا کہ انہوں نے کبھی بھی فلموں سے پیسا کمانے کا نہیں سوچا ہے جس کی وجہ صرف یہی ہے کہ وہ جاندار کہانیوں پر یقین رکھتے ہیں تاکہ فلم بینوں کو تفریح مل سکے۔

انہوں نے سال میں ایک ہی فلم میں کام کرنے کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ ان کی فلمیں سال یا دو سال میں تکمیل تک پہنچتی ہیں جس کی وجہ سے وہ ایک وقت میں ایک ہی فلم پر ذہن لگا سکتے ہیں۔ عامر خان فلموں میں اپنے کردار میں ڈھل جانے کے باعث بھی مشہور ہیں لیکن وہ کہتے ہیں کہ ان کے گھر والے بھی ان کے بدلتے ہوئے روپ پر پریشان ہوتے ہیں اور ان کی اہلیہ بھی مذاق اڑاتے ہوئے کہنے لگی ہیں کہ ان کا اصلی چہرہ یاد ہی نہیں رہا ہے۔

 

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں