وزارت مذہبی امور کی جانب سے پی ٹی اے کو سوشل میڈیا سے فحش مواد ہٹانے کی درخواست

08:52 PM, 12 Nov, 2024

اسلام آباد: وزارت مذہبی امور نے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کو ایک خط لکھا ہے جس میں انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا پر موجود فحش مواد کو فوری طور پر ہٹانے کی درخواست کی گئی ہے۔

 وزارت نے خط میں کہا کہ پاکستان دنیا کے ان ممالک میں شامل ہے جہاں سب سے زیادہ فحش مواد دیکھا جاتا ہے، جو معاشرتی لحاظ سے انتہائی نقصان دہ ہے، خاص طور پر نئی نسل پر اس کے برے اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔

خط میں سپریم کورٹ کے 2016 اور 2018 کے احکامات کا ذکر کیا گیا، جن کے تحت پی ٹی اے نے فحش مواد کے خلاف اقدامات کیے تھے، لیکن اب بھی ایسے مواد کی موجودگی کو سوشل میڈیا پر دیکھا جا رہا ہے۔ وزارت مذہبی امور نے اس مواد کو پاکستان کی مشرقی، مذہبی اور سماجی روایات کے منافی قرار دیتے ہوئے پی ٹی اے سے فوری کارروائی کرنے کی درخواست کی ہے۔

یاد رہے کہ جولائی 2020 میں سپریم کورٹ نے یوٹیوب اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر قابل اعتراض مواد کا نوٹس لیتے ہوئے پی ٹی اے کو ہدایت دی تھی کہ وہ اس طرح کے مواد کی رسائی کو روکیں۔ پی ٹی اے نے اس سلسلے میں ایک خط میں انٹرنیٹ آپریٹرز سے غیراخلاقی مواد کو ہٹانے کی درخواست کی تھی اور عدم تعمیل کی صورت میں کارروائی کی دھمکی دی تھی۔

مزیدخبریں