ایکواڈور کے فٹبالر مارکو انگولو 22 برس کی عمر میں انتقال کر گئے

ایکواڈور کے فٹبالر مارکو انگولو 22 برس کی عمر میں انتقال کر گئے

 امریکہ :ایکواڈور کے انٹرنیشنل فٹبالر مارکو انگولو 22 برس کی عمر میں انتقال کر گئے، جن کے کلب ایل ڈی یو کویٹو نے ان کی موت کی تصدیق کی ہے۔ مارکو انگولو گزشتہ ماہ ایک کار حادثے میں شدید زخمی ہوئے تھے اور 7 اکتوبر سے ہسپتال میں زیر علاج تھے۔ یہ حادثہ ایکواڈور کے دارالحکومت کویٹو کے جنوبی علاقے میں پیش آیا تھا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق، مارکو انگولو نے کئی آپریشنز کرائے اور ایک ہفتے سے زائد وقت تک انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں رہے، جہاں پیر کی رات ان کا انتقال ہوگیا۔ ایل ڈی یو کویٹو کلب نے منگل کو اپنے بیان میں مارکو کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور ان کے خاندان سے تعزیت کی۔

مارکو انگولو نے ایم ایل ایس کلب ایف سی سنسناٹی کے ساتھ مڈفیلڈر کی حیثیت سے کھیلنے کے بعد مارچ میں ایل ڈی یو کویٹو میں بطور لون شمولیت اختیار کی تھی اور کلب کے لیے 16 میچز کھیلے۔ ان کا آخری میچ حادثے سے ایک دن قبل، 6 اکتوبر کو تھا۔

انہوں نے نومبر 2022 میں عراق کے خلاف میچ میں ایکواڈور کے لیے اپنا انٹرنیشنل ڈیبیو کیا اور اپنے ملک کے لیے تین میچز کھیلے تھے۔