اسلام آباد: نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے اپنے دفاتر کے نیٹ ورک کو بڑھانے کا عندیہ دیا ہے تاہم چیئرمین نادرا کا کہنا ہے کہ دفاتر کو بڑھانے سے شناختی کارڈ کی فیس میں اضافہ ہوگا۔
قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے اجلاس میں چیئرمین نادرا نے کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ دفاتر کی تعداد بڑھانے سے فیس میں اضافہ ضروری ہو گا کیونکہ نادرا کے دفاتر کا قیام اضافی اخراجات کا سبب بنتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ مسائل خاص طور پر ان تحصیلوں میں ہیں جہاں حکومت نے حلقہ بندیوں کا اعلان تو کیا ہے لیکن وہ نادرا تک نہیں پہنچیں۔
نادرا حکام نے بتایا کہ زیادہ تر مسائل کے پی اور بلوچستان کے علاقوں میں ہیں جہاں نادرا کے دفاتر نہیں ہیں۔ پنجاب میں نئے اضلاع جیسے مری اور تلہ کنگ کی حلقہ بندیاں بھی ابھی تک نادرا تک نہیں پہنچی ہیں۔