راولپنڈی: اے این ایف نے 6 کارروائیوں میں 127 کلوگرام منشیات برآمد کرلی، 3 ملزمان گرفتار

راولپنڈی: اے این ایف نے 6 کارروائیوں میں 127 کلوگرام منشیات برآمد کرلی، 3 ملزمان گرفتار

راولپنڈی: اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے بیرون ملک منشیات بھیجنے کی کوششوں کو ناکام بنا دیا۔

ترجمان اے این ایف کے مطابق، 6 مختلف آپریشنز کے دوران اسمگلنگ میں ملوث 3 ملزمان کو گرفتار کیا گیا اور 12 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی 127 کلوگرام منشیات برآمد کی گئی۔

 اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بحرین جانے والے ایک مسافر کے بیگ سے 6.438 کلوگرام آئس برآمد ہوئی۔ اسی ایئرپورٹ پر کارگو کے ذریعے برطانیہ بھیجے جانے والے پارسل سے 10.450 کلوگرام ہیروئن برآمد ہوئی اور ملزم کو گرفتار کیا گیا۔ سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر دبئی جانے والے مسافر کے بیگ سے 65 گرام منشیات برآمد کی گئی۔

مزید برآمدگیوں میں 52 گرام افیون، 2 گرام ہیروئن، 7 گرام چرس اور 4 گرام آئس شامل ہیں۔ پشاور کے کوریئر آفس میں آسٹریلیا بھیجے جانے والے پارسل سے 1.7 کلوگرام آئس برآمد ہوئی، جبکہ مستونگ میں لکپاس کے قریب چھپائی گئی 58 کلوگرام ہیروئن اور کوئٹہ کے کچلاک بائی پاس کے قریب 50 کلوگرام چرس بھی برآمد کر لی گئی۔

ترجمان کے مطابق، گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔