پشاور پولیس لائن دھماکہ : خودکش حملے کے مرکزی ملزم کوگرفتار کرلیا گیا، آئی جی خیبر پختونخوا

02:58 PM, 12 Nov, 2024

نیوویب ڈیسک

پشاور :  پشاور میں پولیس لائنز مسجد میں ہونے والے خودکش دھماکے کا مرکزی سہولت کار محمد ولی گرفتار کرلیا گیا ہے۔

 آئی جی خیبرپختونخوا پولیس اختر حیات نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ محمد ولی، جو کہ پولیس کانسٹیبل ہے، کا تعلق کالعدم جماعت الاحرار سے ہے اور اس نے خودکش حملہ آور کو پولیس لائنز میں ریکی کرانے کی سہولت فراہم کی تھی۔

آئی جی کا کہنا تھا کہ ملزم محمد ولی کو اس کارروائی کے بدلے 2 لاکھ روپے ملے تھے اور اس نے اپنے بھائیوں سے بھی اس دھماکے میں حصہ لینے کے لیے فی کس 2 ہزار روپے میں سودا کیا تھا۔ مزید تحقیقات میں یہ بھی سامنے آیا کہ محمد ولی افغانستان گیا تھا جہاں اس نے دہشت گرد کمانڈروں سے ملاقات کی اور خودکش جیکٹس سمیت دھماکہ خیز مواد کی ترسیل میں بھی ملوث تھا۔

ملزم کی گرفتاری جمیل چوک سے کی گئی، جہاں سے 2 خودکش جیکٹیں بھی برآمد ہوئیں۔ محمد ولی کو افغانستان میں افغان فورسز نے گرفتار کیا تھا لیکن ہینڈلر جنید کی مداخلت پر اسے چھوڑ دیا گیا۔ ملزم نے دھماکے کی اطلاع ٹیلی گرام پر اپنے ہینڈلر جنید کو دی تھی۔

واضح رہے کہ 30 جنوری 2023 کو پشاور کی پولیس لائنز مسجد میں ہونے والے خودکش دھماکے میں 72 افراد شہید اور 157 زخمی ہوئے تھے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ محمد ولی کی گرفتاری سے دہشت گردوں کے نیٹ ورک کے مزید سراغ ملنے کی امید ہے، اور اس کارروائی سے دہشت گردوں کے منصوبوں کو ناکام بنانے میں مدد ملے گی۔

مزیدخبریں