پنجاب حکومت کا مزید 5 ڈویژن میں اسکولز اور کالجز میں چھٹیوں کا اعلان

11:38 AM, 12 Nov, 2024

نیوویب ڈیسک

لاہور:  پنجاب حکومت نے سموگ سے متاثرہ مزید پانچ ڈویژنوں میں اسکولز بند کرنے کا اعلان کیا ہے، اور 17 نومبر تک نجی ٹیوشن سینٹرز بھی بند رکھنے کی ہدایات دی ہیں۔

 اس فیصلے کے مطابق، پنجاب کے پانچ ڈویژنوں میں 12 ویں جماعت تک تمام اسکولز بند کر دیے گئے ہیں، اور اس دوران تدریسی عمل آن لائن منتقل کر دیا جائے گا۔

پنجاب کے جن پانچ ڈویژنوں میں اسکولز بند کیے گئے ہیں، ان میں  ڈیرہ غازی خان، ساہیوال، سرگودھا، بہاولپور اور راولپنڈی شامل ہیں ۔ یہ اسکولز 13 نومبر سے 17 نومبر تک بند رہیں گے۔ اس کے علاوہ، نجی ٹیوشن سینٹرز بھی اسی عرصے کے دوران بند رکھے جائیں گے۔

یاد رہے کہ لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد اور ملتان ڈویژن میں پہلے ہی اسکولز بند ہیں، جہاں سموگ کی شدت نے عوام کی صحت پر منفی اثرات مرتب کیے ہیں۔ ان علاقوں میں پچھلے کچھ دنوں میں چیسٹ انفیکشن، الرجی اور پنک آئی کے مریضوں کی تعداد میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے کو ملا ہے۔

ڈی جی ماحولیات پنجاب کا کہنا ہے کہ سموگ کی شدت کے باعث لوگوں کو بلاوجہ گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کرنا چاہیے تاکہ صحت کے مسائل سے بچا جا سکے اور اس ماحولیات کی آلودگی میں مزید اضافہ نہ ہو۔

مزیدخبریں