لاہور : محکمہ موسمیات نے آئندہ چند دنوں میں ملک کے مختلف حصوں میں موسم کی صورتحال کے حوالے سے پیشگوئی جاری کی ہے، جس کے مطابق بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور پہاڑی علاقوں میں سرد رہنے کا امکان ہے ، تاہم، گلگت بلتستان میں چند مقامات پر بارش اور بلند پہاڑوں پر ہلکی برفباری کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق، خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں اور پنجاب کے زیادہ تر حصوں میں سموگ کا غلبہ رہنے جبکہ صبح اور رات کے اوقات میں شدید دھند پڑنے کا امکان ہے۔ اسلام آباد اور اس کے گرد و نواح میں بھی موسم خشک رہے گا، تاہم سموگ اور دھند کا سامنا کیا جا سکتا ہے۔
اس کے علاوہ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم خشک رہے گا، پہاڑی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں سردی بڑھنے کی توقع ہے۔تاہم پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہے گا، البتہ لاہور، قصور، اوکاڑہ، سیالکوٹ، حافظ آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، نارووال، اٹک، جہلم، چکوال، منگلہ، گجرات، گوجرانوالہ، سرگودھا، شیخوپورہ، ساہیوال، فیصل آباد، بہاولپور، بہاولنگر، ملتان، لیہ، بھکر، خانیوال، خانپور، رحیم یار خان، ڈی جی خان اور گرد و نواح میں صبح اور شام کے اوقات میں سموگ چھائے رہنے اور شدید دھند پڑنے کی توقع ہے۔
دوسری جانب سندھ کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم خشک رہنے کا امکان ہے، تاہم سکھر، لاڑکانہ، کشمور، خیر پور اور گرد و نواح میں صبح اور رات کے اوقات میں دھند چھا سکتی ہے۔ خیبرپختونخوا کے بالائی اضلاع میں موسم سرد رہے گا، جبکہ پشاور، نوشہرہ، مردان، صوابی، کوہاٹ، بنوں، لکی مروت، ڈیرہ اسماعیل خان اور دیگر میدانی علاقوں میں اسموگ اور دھند کی شدت بڑھنے کا امکان ہے۔
کشمیر میں موسم سرد اور جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی توقع ہے، جبکہ گلگت بلتستان میں ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔