لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں سرفہرست، خیبر پختونخوا میں بھی سموگ کاراج

10:37 AM, 12 Nov, 2024

نیوویب ڈیسک

لاہور:  آج بھی دنیا کے سب سے آلودہ شہروں میں لاہور  سرفہرست ہے، جہاں سموگ کی مجموعی شرح 910 تک پہنچ چکی ہے۔

سموگ کی شدت کے باعث پنجاب اور خیبرپختونخوا کے متعدد اضلاع بھی اس کی لپیٹ میں ہیں، جس سے شہریوں کو سانس لینے میں مشکلات کا سامنا ہے اور خشک کھانسی سمیت دیگر بیماریوں کی شرح میں اضافہ ہو رہا ہے۔

لاہور کے مختلف علاقوں میں ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) انتہائی تشویشناک سطح پر پہنچ چکا ہے۔ لاہور کے ڈی ایچ اے میں AQI 1236، جوہر ٹاؤن میں 991، سید مراتب علی روڈ پر 1256 اور غازی روڈ انٹرچینج پر 904 ریکارڈ کیا گیا۔ دیگر شہروں میں بھی فضائی آلودگی کی صورتحال پریشان کن ہے، ملتان کا AQI 800، پشاور کا 258، فیصل آباد کا 252 اور اسلام آباد کا 253 ریکارڈ کیا گیا۔

اس صورتحال پر امریکی میڈیا نے تشویش کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ سموگ کی شدت اس حد تک بڑھ چکی ہے کہ یہ خلاء سے بھی نظر آنے لگی ہے۔

ناسا نے لاہور اور دہلی کی سیٹلائٹ تصاویر جاری کی ہیں، جن سے اس بات کا پتہ چلتا ہے کہ 31 اگست کو دونوں شہروں کی فضا بالکل صاف تھی، لیکن 10 نومبر کی تصاویر میں دونوں شہروں کے اوپر سفید رنگ کی برف نما چادر دکھائی دیتی ہے، جو سموگ کی شدت کا واضح اشارہ ہے۔

مزیدخبریں