پاکستان یا انگلینڈ، کون بنے گا ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کا بادشاہ؟ فیصلہ کل ہوگا 

01:04 PM, 12 Nov, 2022

نیوویب ڈیسک

میلبرن :آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ کا فیصلہ کن معرکہ کل پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان میلبرن کرکٹ گرائونڈ میں ہوگا، میچ پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق دن ایک بجے شروع ہوگا، قومی ٹیم مایہ ناز بیٹر بابر اعظم کی زیر قیادت میدان میں اترے گی جبکہ دیگر نمایاں کھلاڑیوں میں محمد رضوان، شاداب خان، شاہین شاہ آفریدی، حارث رئوف اور افتخار احمد شامل ہیں، انگلش ٹیم کو جوز بٹلر لیڈ کریں گے اور انہیں ایلیکس ہیلز، سیم کرن، مارک ووڈ، ڈیوڈ میلان اور معین علی جیسے تجربہ کار کھلاڑیوں کی خدمات حاصل ہوں گی۔

پاکستان کے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف فائنل کے لئے ہم نے جو پلان ترتیب دیا ہے اس پر عمل کرنا ہے، انہوں نے کہا کہ ابتدائی6 اوورز بہت اہم ہیں، ہمارا یقین اللہ پر ہے اور پورا بھروسہ بھی ہے، ہمارا کام محنت کرنا ہے، نتیجہ اللہ کے ہاتھ میں ہے۔ کپتان نے مزید کہا کہ تمام کھلاڑی فائنل کھیلنے کے لئے پرجوش ہیں اور اچھے نتائج کے لئے پرامید ہیں۔

پاکستان نے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ جبکہ انگلینڈ نے بھارت کو ہرا کر فائنل تک رسائی حاصل کیِ، میڈیا کی رپورٹس کے مطابق میچ بارش سے متاثر ہونے کا خدشہ ہے جبکہ محکمہ موسمیات نے پیر کو بھی بارش کی پیش گوئی کی ہے۔

آئی سی سی کے مطابق پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان اتوار کو میچ نہ ہو سکا تو ریزرو ڈے پر میچ دن3 بجے شروع کیا جائے گا، میچ کو مکمل تصور کرنے کے لئے دونوں ٹیموں کا کم از کم دس، دس اوورز کھیلنا لازمی ہے،

آئی سی سی نے فائنل میچ کے لئے پلیئنگ کنڈیشنز میں تبدیلی کرتے ہوئے ریزرو ڈے پر اضافی وقت کی گنجائش2 سے بڑھا کر4 گھنٹے کر دی ہے، واضح رہے کہ گرین شرٹس نے 2009 میں سری لنکا کو شکست دے کر ٹی 20 ورلڈ کپ اپنے نام کیا تھا

جبکہ انگلینڈ نے 2010 کے ورلڈ کپ میں آسٹریلیا کے خلاف کامیابی حاصل کر کے چیمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا، ویسٹ انڈیز واحد ٹیم ہے جس نے 2 مرتبہ ٹی 20 ورلڈ کپ جیتا ہے جبکہ بھارت، سری لنکا اور آسٹریلیا نے ایک، ایک بار ٹائٹل اپنے نام کیا ہے۔

مزیدخبریں