عمران خان پر حملے کی تحقیقات کیلئے پیر کو سپریم کورٹ جا رہے ہیں: شاہ محمود 

12:11 PM, 12 Nov, 2022

نیوویب ڈیسک

گجرات : تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے ارکان اسمبلی 14 نومبر کو سپریم کورٹ میں درخواست دائر کریں گے جس میں عمران خان پر حملے کی تحقیقات سمیت چار مطالبے کیے جائیں گے۔

انھوں نے نیوز کانفرنس کے دوران کہا کہ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ پیر کے روز ہم تمام ارکان قومی و صوبائی اسمبلی صبح سپریم کورٹ کی رجسٹری کے باہر جمع ہوں گے اور ایک درخواست چیف جسٹس صاحب کو پیش کریں گے۔

  

اسلام آباد کے علاوہ لاہور، پشاور اور سندھ میں سپریم کورٹ کی رجسٹریوں میں درخواست دائر کریں گے۔ اعلی عدلیہ کے سامنے یہ معاملہ رکھ رہے ہیں۔ عمران خان سمجھتے ہیں عدلیہ پر ذمہ داری ہے کہ شنوائی کریں۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف اس درخواست میں چار مطالبات کرے گی۔ سینیٹر اعظم سواتی کو انصاف دیا جائے۔ارشد شریف کے ساتھ کیا ہوا اور کس نے کیا، قوم جاننا چاہتی ہے۔ سوال یہ ہے کہ ان کا لیپ ٹاپ اور فون کن کے پاس ہے؟سائفر کے بارے میں تحریک انصاف کا مؤقف واضح ہے۔ ہم توقع کرتے ہیں اس سنجیدہ مسئلے کی تہ تک پہنچا جائے۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ سے یہ بھی درخواست کی جائے گی کہ عمران خان پر حملے کی تحقیقات کرائی جائے۔ عمران خان نے 3 حضرات پر الزام لگایا ہے جب تک وہ عہدوں پر برقرار رہیں گے تب تک تحقیقات شفاف و غیر جانبدارانہ کیسے بنے گی۔

مزیدخبریں