ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلئے پاکستانی ٹیم دبئی سے ڈھاکا روانہ

11:04 PM, 12 Nov, 2021

دبئی : آئی سی سی ٹی ٹوئٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں شکست کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم  رات گئے دبئی سے بنگلہ دیش روانہ ہوگئی ہے۔ 

نیو نیوز کے مطابق ڈھاکا پہنچنے پر قومی ٹیم کے سکواڈ کو سیدھا ہوٹل لے جایا جائے گا جہاں تمام کھلاڑیوں اور سٹاف کے کورونا ٹیسٹ ہوں گے۔ ٹیسٹ منفی آنے پر پاکستانی ٹیم کے کھلاڑی اتوار کو پریکٹس کریں گے۔ 

پاکستانی ٹیم  نے منگل کو ڈھاکا پہنچنا تھا لیکن سیمی فائنل میں شکست کے بعد اب قومی سکواڈ تین دن پہلے ہی ڈھاکا پہنچ گیا ہے۔ پی سی بی نے اعلان کیا ہے کہ کپتان بابر اعظم اور آل راؤنڈر شعیب ملک 16 نومبر کو بنگلہ دیش میں اسکواڈ کو جوائن کریں گے۔

واضح رہے کہ  بنگلہ دیش کے خلاف تین ٹی 20 میچز پر مشتمل سیریز کے لیے 18 رکنی پاکستانی سکواڈ کا اعلان کیا گیا ہے۔ سیریز کے تینوں میچز 19، 20 اور 22 نومبر کو ڈھاکا میں کھیلے جائیں گے۔ آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں شریک پاکستانی ٹیم میں صرف ایک تبدیلی کی گئی ہے۔

محمد حفیظ نے چیف سیلیکٹر محمد وسیم سے گفتگو کے بعد اس سیریز میں نوجوان کھلاڑیوں کو صلاحیتوں کے اظہار کا موقع دینے کے لیے سیریز میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

نوجوان بلے بازوں حیدر علی اور خوشدل شاہ کے علاوہ ان فارم بیٹسمین افتخار احمد کو مڈل آرڈر بیٹنگ لائن اپ کا حصہ بنایا گیا ہے۔ دورے میں شامل دو ٹیسٹ میچز کے لیے قومی ٹیسٹ سکواڈ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

اس دوران، پاکستان کرکٹ بورڈ نے بیٹنگ کنسلٹنٹ میتھیو ہیڈن کے علاوہ تمام ٹیم منیجمنٹ کو بھی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے. میتھیو ہیڈن کی مصروفیات پہلے سے طے شدہ تھیں۔

پاکستان کے ٹی 20 سکواڈ میں کپتان  بابر اعظم، نائب کپتان شاداب خان، آصف علی ، فخر زمان، حیدر علی، حارث رؤف ,حسن علی،   افتخار احمد، عماد وسیم، خوشدل شاہ، محمد نواز، محمد رضوان، محمد وسیم جونیئر، سرفراز احمد، شاہین شاہ آفریدی، شاہنواز دہانی، شعیب ملک اور عثمان قادر شامل ہیں۔

مزیدخبریں