لاہور: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 ورلڈکپ میں شاندار کارکردگی دکھانے والے محمد رضوان نے آسٹریلیا کیخلاف سیمی فائنل میں بھی عمدہ بیٹنگ کی جس کے باعث میچ ہارنے کے باوجود شائقین کرکٹ محمد رضوان کی تعریفوں کے پل باندھنے میں مصروف ہیں۔
سیمی فائنل سے قبل یہ تو انکشاف ہو گیا تھا کہ وہ ہسپتال میں بھی داخل رہے ہیں مگر اب ان کی آئی سی یو سے ایک تصویر بھی سامنے آ گئی ہے جو تیزی سے شول میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے اور لوگ جاننا چاہتے ہیں کہ آخر ہسپتال میں داخل ہونے کی وجہ کیا بنی؟ قومی ٹیم کے ڈاکٹر نے بالآخر اس سوال کا جواب دیدیا ہے۔
قومی ٹیم کے ڈاکٹر نجیب سومرو نے بتایا کہ ٹیم کے مورال کو گرنے سے بچانے کیلئے محمد رضوان کی بیماری سے آگاہ نہیں کیا گیا تھا۔ سیمی فائنل کے بعد کپتان بابراعظم کے ہمراہ ورچوئل پریس کانفرنس میں ڈاکٹر نجیب نے بتایا کہ محمد رضوان کو 9 نومبر کو چھاتی کی شدید انفیکشن کی شکایت ہوئی جس کے باعث انہیں ہسپتال منتقل کرنا پڑا۔
ڈاکٹر نجیب کے مطابق محمد رضوان نے 2 راتیں آئی سی یو میں گزاریں اور ان کی زبردست ریکوری ہوئی، پھر انہیں میچ سے پہلے فٹ قرار دیا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ ہم رضوان کا بہترین عزم دیکھ سکتے ہیں، انہوں نے ملک کیلئے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا، ہم دیکھ سکتے ہیں کہ انہوں نے کیسی پرفارمنس دی۔