کوئی کسی پر انگلی نہ اٹھائے ، ہم ٹھیک نہیں کھیلے، بابر اعظم کی ڈریسنگ روم میں گفتگو

کوئی کسی پر انگلی نہ اٹھائے ، ہم ٹھیک نہیں کھیلے، بابر اعظم کی ڈریسنگ روم میں گفتگو
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

دبئی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا ہے کہ سیمی فائنل میں ہم بطور ٹیم اچھا نہیں کھیلے ، میچ کے بعد ڈریسنگ روم میں کھلاڑیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بابراعظم کا کہنا تھا کہ کوئی کسی پر انگلی نہ اٹھائے ، ہم ٹھیک نہیں کھیلے ۔

تفصیلات کے مطابق آسڑیلیا کے خلاف سیمی فائنل ہارنے کے بعد ساری ٹیم جب ڈریسنگ روم میں اکٹھی ہوئی تو کھلاڑی کافی مایوسی کا شکار تھے ۔ جس پر قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا کہ سب کو معلوم ہے کہ ہم نے کہاں غلط کیا اور کہاں ہمیں بہتر کرنا چاہیے تھا، ہمیں اس میچ سے سیکھنا ہے۔

اس موقع پر بابر اعظم نے کہا کہ کسی پر کوئی انگلی نہ اٹھائے، ہم نے بطور ٹیم اچھا نہیں کھیلا ۔انہوں نے کہا کہ ہار گئے تو کوئی بات نہیں اس سے سیکھیں گے اور آگے جو کرکٹ کھیلیں گے اس میں ایسی غلطیاں نہیں دہرائیں گے۔بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ’ہمارے درمیان بہت بہترین ماحول رہا، ہر میچ میں ہر شخص نے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا ہے، ہم کوشش پوری کریں گے اور نتائج خود بخود ہمارے ہاتھ میں آتے رہیں گے‘۔

ڈریسنگ روم میں کھلاڑیوں کو حوصلہ دیتے وقت بابراعظم نے یہ بھی کہا کہ اس ہار پر دکھ تو بہت ہے تاہم یہ وقت ایک دوسرے کو حوصلہ دینے کا ہے۔ 'حسن علی تھوڑا ڈاؤن ہے، اسے حوصلہ دیں گے۔

واضح رہے کہ ٹی20 ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں آسٹریلیا نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو 5 وکٹوں سے ہرا کر فائنل میں جگہ بنا لی تھی ۔