لاہور:آنے والے دنوں میں اپوزیشن کے گرد گھیرا مزید تنگ کیا جائے گا۔ شہزاد اکبر کا کہنا ہے کہ شاہد خاقان عباسی پر بھی فردِ جرم عائد کی گئی ہے۔
وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر نے لاہور میں پریس کانفرنس کر تے ہوئے کہا کہ آج لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے پر عوام میں بحث جاری ہے ۔ لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے پر متضاد بیانات دیے گئے ۔انہوں نے کہا کہ شوگر انکوائری کمیشن کی رپورٹ کے بعد سے کئی کورٹس میں چیلنج کیا گیا۔
معاونِ خصوصی نے کہا کہ لاہور ہائی کورٹ کے بنچ نے شوگر انکوائری رپورٹ سے متعلق 60 صفحات پر مشتمل فیصلہ سنایا ہے۔ فیصلے میں ایف آئی اے کی دستاویزات کو من و عن تسلیم کیا گیا ۔لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے میں شوگر انکوائری کمیشن کی رپورٹ کو تسلیم کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف اور خاندان پر فرد جرم عائد کی جا چکی ہے۔شہزاد اکبر نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی پر بھی فرد جرم عائد کی گئی ہے۔آئندہ دنوں میں اپوزیشن کے گرد گھیرا مزید تنگ ہو گا۔
شہزاد اکبر نے مزید کہا کہ مسلم لیگ ن کا بیانیہ تضادات سے بھرپور ہے۔ پہلے اداروں کی ساکھ خراب کرنے کی کوشش کی، اب اسی ادارے سے بات کرنے کو تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیب شوگر میں دی گئی سبسڈی پر انکوائری کر رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ جہانگیر ترین کا واپس آنا کسی ڈیل کا حصہ نہیں اور حکومت بلا امتیاز کاروائی کرنے پر یقین رکھتی ہے۔