بالی ووڈ اداکار آصف بسرا کی لاش گیسٹ ہاؤس سے برآمد

08:30 PM, 12 Nov, 2020

ممبئی: بالی ووڈ اداکار آصف بسرا بھارت کی ریاست ہماچل پردیش میں گیسٹ ہاؤس میں مردہ حالت میں پائے گئے اور ان کی موت کو مبینہ طور پر خودکشی قرار دیا گیا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ایس پی دھرم شالا وم کٹ رنجن نے کہا کہ آصف بسرا نے جمعرات کی صبح خودکشی کی اور اداکار کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا جو کل کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ بھارت کی شوبز و ٹی وی انڈسٹری میں دیگر ممالک کے مقابلے اداکاروں کی جانب سے خودکشی کرنے کا رجحان بڑھ گیا ہے۔ اس وقت جہاں بھارت میں سشانت سنگھ راجپوت کی خودکشی تاحال بحث کا موضوع بنی ہوئی ہے اور وہیں اب بھارت کے ایک اور اداکار نے بھی مبینہ طور پر خودکشی کی خبر سامنے آئی ہے۔ 53 سالہ آصف بسرا امراوتی میں پیدا ہوئے تھے اور 1989 میں ممبئی آ گئے تھے۔

آصف بسرا نے فزکس میں بی ایس سی کی ڈگری حاصل کی تھی اور بطور تھیٹر آرٹس اپنے کیرئیر کا آغاز کیا تھا ۔ 1998 میں فلم 'وہ' کے ساتھ اپنے کیرئیر کا آغاز کیا تھا اور انہوں نے 'بلیک فرائیڈے'، 'پرزانیا'، 'آؤٹ سورسڈ'، 'جب وی میٹ'، 'ونس اپون آ ٹائم ان ممبئی'، 'کائی پوچے'،'کرش3'، 'ایک ولن'، 'ہچکی' میں اداکاری کی۔ انہیں رواں برس آخری مرتبہ ڈزنی اور ہوٹ اسٹار کی ویب سیریز 'ہوسٹیجز' کے دوسرے سیزن میں دیکھا گیا تھا جو رواں برس ریلیز ہوئی تھی۔

اداکار آصف بسرا ایمیزون پرائم کی ویب سیریز پاٹال لوک میں میڈیا ہاؤس کے سینئر ایگزیکٹو کے کردار میں دکھائی دیے تھے، جو رواں برس کے اوائل میں ریلیز ہوئی تھی۔ بھارت کی کئی شوبز شخصیات نے بھی آصف بسرا کی موت پر دکھ کا اظہار کیا۔ 

مزیدخبریں