کراچی : ٹیسٹ اور ایک روزہ انٹرنیشنل کرکٹ کے سب زیادہ میچز میں امپائرنگ کے فرائض انجام دینے والے علیم ڈار اور مائیکل گف ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 2020 کے فائنل میں آن فیلڈ امپائرنگ کی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔ سب سے زیادہ ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز میں امپائرنگ کرنے والے احسن رضا اور آئی سی سی انٹرنیشنل امپائرز پینل میں شامل راشد ریاض ایونٹ کے فائنل میں تیسرے اور چوتھے امپائر کی حیثیت سے فرائض ادا کریں گے۔
محمد انیس اس میچ میں ریفری کی حیثیت سے پلیئنگ کنٹرول ٹیم کے سربراہ ہوں گے۔ایچ بی ایل پی ایس ایل میں سب سے زیادہ 42 میچوں میں امپائرنگ کرنے والے علیم ڈار 14 اور 15 نومبر کو بالترتیب شیڈول ایلیمینٹر ون اور ایلیمینٹر ٹو میں بھی آن فیلڈ امپائر کے فرائض انجام دیں گے۔لاہور قلندر اور پشاور زلمی کے مابین شیڈول ایلیمینٹر ون میں ان کے ہمراہ شوزب رضا فیلڈ امپائر جبکہ احسن رضا تھرڈ اور فیصل خان فورتھ امپائر ہوں گے. پروفیسر جاوید ملک اس میچ کے ریفری ہوں گے۔دوسرے ایلیمینٹر میں علیم ڈار اور مائیکل گف آن فیلڈ امپائرز ہوں گے، یہاں شوزب رضا تھرڈ اور آصف یعقوب فورتھ امپائرنگ کریں گے. پروفیسر انیس کو اس میچ کا ریفری مقرر کیا گیا ہے۔
ایونٹ کے کوالیفائر میں ملتان سلطانز اور کراچی کنگز کی ٹیمیں مدمقابل آئیں گی، جہاں مائیکل گف اور راشد ریاض آن فیلڈ امپائرز،، آصف یعقوب اور ناصر حسین سینئر بالترتیب تھرڈ اور فورتھ امپائر جبکہ محمد انیس میچ ریفری ہوں گے۔ اس دوران پی سی بی نے لیگ کے بقیہ چار میچز کے لیے چھ رکنی ٹیکنیکل کمیٹی کا اعلان بھی کردیا ہے. کمیٹی میں وسیم خان، بازید خان، ڈاکٹر ریاض احمد، مرینہ اقبال، ندیم خان اور سمیر کھوسہ شامل ہیں.