بلاول ،مریم کی ملاقاتیں پی ڈی ایم کے تاریک مستقبل کو روشن نہیں بنا سکتیں :شبلی فراز

12:57 PM, 12 Nov, 2020

اسلام آباد:وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز  نے کہا ہے کہ  بلاول مریم ملاقات گلگت بلتستان انتخابات میں ان جماعتوں کی شکست کا پتہ دے رہی ہے اور اب یہ دھاندلی کا ڈھول پیٹنے کا نیا  منصوبہ بنا رہے ہیں۔


تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر کو استعمال کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات شبلی فراز نے بلاول اور مریم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کیلئے صرف وہ انتخابات شفاف ہیں جس میں یہ جیتیں،ایسی ملاقاتیں پی ڈی ایم کے تاریک مستقبل کو روشن نہیں بنا سکتیں۔


وزیراعظم کے  معاون خصوصی شہبازگل نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام عمران خان کوووٹ دے رہے ہیں،پی ٹی آئی بڑی لیڈ سے جیت رہی ہے ، مجرمہ مریم صفدر،پرچی چیئرمین بلاول کو شکست یقینی نظر آرہی ہے  اور وہ اسی لئے دھاندلی کے الزامات لگا رہے ہیں۔


یاد رہے کہ گلگت بلتستان میں 15 نومبر کے انتخابات کیلئے تمام جماعتیں سرتوڑ مہم چلارہی ہیں ،33 میں سے 24 نشستوں کیلئے تین سو سے زائد امیدوار میدان میں ہیںجنہیں سات لاکھ سے زائد ووٹرز اپنا حق رائے استعمال کرتے ہوئے منتخب کریں گے ۔


گلگلت بلتستان میں موجود سیاسی جماعتوں کی قیادت اپنی تقاریر  میں ایک دوسرے پر لفظی گولہ باری جاری رکھے ہوئے ہیں،ماضی میں ہوئے الیکشنز میں پہلے پیپلز پارٹی نے کامیابی حاصل کی جبکہ بعد میں ن لیگ نے فتح کے جھنڈے گاڑے۔


 موجودہ الیکشن کے نتائج کس پارٹی کے حق میں جائیں گے، اس کا فیصلہ پندرہ نومبر کو ووٹنگ کے بعد سامنے آئے گا جبکہ بلاول بھٹو اور مریم نواز اپنی اپنی کامیابی کے دعوے بھی کرتی دکھائی دے رہے ہیں۔


دوسری جانب گیلپ اور پلس سروے نے پاکستان تحریک انصاف کو گلگت بلتستان میں سب سے مقبول جماعت قرار دے دیا ہے۔

مزیدخبریں