اسلام آباد:وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ بلاول مریم ملاقات گلگت بلتستان انتخابات میں ان جماعتوں کی شکست کا پتہ دے رہی ہے اور اب یہ دھاندلی کا ڈھول پیٹنے کا نیا منصوبہ بنا رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر کو استعمال کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات شبلی فراز نے بلاول اور مریم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کیلئے صرف وہ انتخابات شفاف ہیں جس میں یہ جیتیں،ایسی ملاقاتیں پی ڈی ایم کے تاریک مستقبل کو روشن نہیں بنا سکتیں۔
بلاول مریم ملاقات گلگت بلتستان انتخابات میں ان جماعتوں کی شکست کا پتہ دے رہی ہے۔اب یہ دھاندلی کا ڈھول پیٹنے کا نیا منصوبہ تیار کریں گے۔ان کیلئے انتخابات صرف وہ شفاف ہے جس میں یہ جیتیں۔ایسی ملاقاتیں پی ڈی ایم کے تاریک مستقبل کو روشن نہیں بنا سکتیں۔
— Senator Shibli Faraz (@shiblifaraz) November 12, 2020
وزیراعظم کے معاون خصوصی شہبازگل نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام عمران خان کوووٹ دے رہے ہیں،پی ٹی آئی بڑی لیڈ سے جیت رہی ہے ، مجرمہ مریم صفدر،پرچی چیئرمین بلاول کو شکست یقینی نظر آرہی ہے اور وہ اسی لئے دھاندلی کے الزامات لگا رہے ہیں۔
تمام سروے ایک بات واضح کر رہے ہیں کہ گلگت بلتستان کے عوام عمران خان کو ووٹ کرنے جا رہے ہیں۔PTI بڑی لیڈ سے جیت رہی ہے۔ مجرمہ مریم صفدر اور پرچی چئیرمین بلاول زرداری نے یقینی ہار نظر آنے پر دھاندلی کے الزام لگانے شروع کر دئیے ہیں۔علی امین گنڈاپور ایک بہترین لیڈر بن کر ابھرے ہیں۔
— Dr. Shahbaz GiLL (@SHABAZGIL) November 12, 2020
یاد رہے کہ گلگت بلتستان میں 15 نومبر کے انتخابات کیلئے تمام جماعتیں سرتوڑ مہم چلارہی ہیں ،33 میں سے 24 نشستوں کیلئے تین سو سے زائد امیدوار میدان میں ہیںجنہیں سات لاکھ سے زائد ووٹرز اپنا حق رائے استعمال کرتے ہوئے منتخب کریں گے ۔
گلگلت بلتستان میں موجود سیاسی جماعتوں کی قیادت اپنی تقاریر میں ایک دوسرے پر لفظی گولہ باری جاری رکھے ہوئے ہیں،ماضی میں ہوئے الیکشنز میں پہلے پیپلز پارٹی نے کامیابی حاصل کی جبکہ بعد میں ن لیگ نے فتح کے جھنڈے گاڑے۔
موجودہ الیکشن کے نتائج کس پارٹی کے حق میں جائیں گے، اس کا فیصلہ پندرہ نومبر کو ووٹنگ کے بعد سامنے آئے گا جبکہ بلاول بھٹو اور مریم نواز اپنی اپنی کامیابی کے دعوے بھی کرتی دکھائی دے رہے ہیں۔
دوسری جانب گیلپ اور پلس سروے نے پاکستان تحریک انصاف کو گلگت بلتستان میں سب سے مقبول جماعت قرار دے دیا ہے۔