راولپنڈی:پاک بحریہ کے چیف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے کوسٹل ایریا میں پاک بحریہ کی تنصیبات کا دورہ کیا اور تربت، گوادر، اورماڑہ میں آپریشنل تیاریوں کا معائنہ کیا۔
اس موقع پر نیول چیف کو نیوی ائیر آرم آپریشنز، گوادرپورٹ اور سی پیک کوسٹل سکیورٹی پر بریفنگ بھی دی گئی جبکہ ایڈمرل امجد خان نیازی جناح نیول بیس اور کیڈٹ کالج اورماڑہ بھی گئے۔
انہوں نے افسروں اور جوانوں کے جذبے کو سراہا اور کہا کہ سی پیک سے وابستہ ترقی میں میری ٹائم سکیورٹی کا کلیدی کردار ہے۔
یاد رہے کہ پاک بحریہ کے نئے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے گزشتہ ماہ اپنے عہدے کا چارج سنبھالا تھا۔ کمانڈ تبدیلی کی پروقار تقریب پی این ایس ظفر اسلام آباد میں منعقد ہوئی۔ اس تقریب میں ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے پاک بحریہ کی کمانڈ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کے حوالے کی۔
ایڈمرل محمد امجد خان نیازی اپنے شاندار کیرئیر کے دوران پاک بحریہ کے مختلف عہدوں پرخدمات انجام دے چکے ہیں۔ انہوں نے 1985ء میں پاک بحریہ کی آپریشنز برانچ میں کمیشن حاصل کیا تھا۔ انہوں نے کمیشننگ کے موقع پر پاکستان نیول اکیڈمی سے اعزازی شمشیر حاصل کی۔ وہ متعدد کمانڈ اور اسٹاف عہدوں پر کام کرنے کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کمانڈنٹ پاکستان نیوی وار کالج لاہور، کمانڈر پاکستان فلیٹ اور کمانڈر کراچی کے فرائض سر انجام دے چکے ہیں۔
وہ چیف آف دی نیول سٹاف کے پرنسپل سیکرٹری، ڈپٹی چیف آف نیول اسٹاف (ٹریننگ اینڈ ایوالیو ایشن) اور ڈائریکٹر جنرل نیول انٹیلیجنس کے عہدوں پر فائز رہ چکے ہیں۔ انھیں غیر معمولی پیشہ ورانہ خدمات اور بہادری کے اعتراف میں ہلالِ امتیاز (ملٹری) اور ستارہ بسالت سے جبکہ حکومت فرانس کی جانب سے شیویلے (ناٹ) میڈل سے بھی نوازا جا چکا ہے۔