کراچی :سابق ویسٹ انڈین اور پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی اور مچل میک پی ایس ایل سیزن فائیو کے بقیہ میچز نہیں کھیل سکیں گے جبکہ کراچی کنگز کے مچل میک نیوزی لینڈ کے آئسو لیشن قوانین کی وجہ سے ایونٹ سے دستبردار ہوچکے ہیں۔
کراچی کنگز نے مچل میک کی جگہ جنوبی افریقہ کے وین پارنیل کو بطور متبادل اپنی ٹیم کا حصہ بنالیا ہے۔ڈیرن سیمی جو ہر پی ایس ایل ایونٹ کی رونق رہے ہیں، اس بار لاجسٹک مسائل کی وجہ سے پاکستان نہیں آئیں گے۔
ڈیرن سیمی فلائٹ کی معطلی اور متبادل ویزا نہ ہونے کی وجہ سے پاکستان سپر لیگ میں شرکت سے محروم ہیں۔پشاور زلمی نے ڈیرن سیمی کی عدم موجودگی کے پیش نظر اپنے سکواڈ میں صہیب مقصود کو شامل کرلیا ہے۔
پشاور زلمی کے فاسٹ بائولر ثاقب محمود نے پاکستان پہنچنے پر کہا ہے کہ پاکستان سپر لیگ کے پلے آف مرحلے کے لیے پشاور زلمی سکواڈ میں شامل اور دس سال بعد پاکستان واپس آکر بہت خوش ہوں۔
ثاقب محمود نے کہا کہ 10سال بعد پاکستان آکر اور پشاور زلمی کا حصہ بن کر خوش ہوں جبکہ میری فیملی کا تعلق اٹک سے ہیں اور میری فیملی کے بیشتر افراد پشاور زلمی کے ہی سپورٹر ہیں۔
پشاور زلمی اور پاکستان سپر لیگ کے بارے میں انگلینڈ کے کھلاڑیوں لیام ڈاسن، کرس جارڈن، ٹام بین ٹن اور دیگر نے کافی کچھ بتایا اور واقعی پشاور زلمی ٹیم ایک زبردست گروپ جہاں سب ایک فیملی کی طرح ہیں۔
ثاقب محمود نے کہا کہ وہ جانتے ہیں کہ بہت سے پاکستانی فینز نے انہیں بائولنگ کرتے نہیں دیکھا ہوگا ،وہ چاہتے ہیں کہ اپنی بائولنگ سے پشاور زلمی کو ٹائٹل جتوائوں اور اس موقع کویادگار بنائوں۔