اسلام آباد: اسلام آباد میں دھرنا جاری ، ملک بھر میں اہم شاہراہیں بند کرنے کی منصوبہ بندی مکمل، مولانا فضل الرحمان کا پلان بی سامنے آگیا ، امیر جے یو آئی کی زیر صدارت اجلاس میں اہم فیصلے، ہمارے ہاتھ حکمرانوں کے گریبان سے دو چار انگلیاں ہی دور ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ، مولانا فضل الرحمان نے دھرنے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ باہمی مشاورت کے ساتھ آگے بڑھنے کیلئے کچھ فیصلے کیے ہیں۔ اب ہم نے کامیابیوں اور مقاصد کو آگے بڑھانا ہے، اب تھوڑا فاصلہ رہ گیا ہے۔
مولانا نے کہا کہ اجتماع پلان اے ہے، جب پلان بی کا اعلان ہوگا تو پھر قافلے چل پڑیں گے۔ ہم نے ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل ہونا ہے۔ ہم نے گھروں میں نہیں جانا بلکہ میدان میں رہنا ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ بظاہر ہم پارلیمنٹ میں چھوٹی جماعت کہلاتے ہیں لیکن آپ کی اس تحریک نے بڑی جماعت بنا دیا ہے۔ ملکی سیاست اس تحریک کے گرد گھوم رہی ہے۔ ناجائزحکمران اور کارندوں کے ہاتھ پاؤں پھولے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آزادی مارچ سے بہت سے مقاصد حاصل کیے۔ پورے وثوق سے بتانا چاہتا ہوں کہ اپنے مقصد کے حصول کے قریب پہنچ گئے ہیں۔ اب کوئی مائی کا لعل ان کو اس کرسی پر برقرار نہیں رکھ سکتا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز اپنے خطاب میں جمیعت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا تھا کہ ہم نے آئین، جمہوریت اور اصولوں کی جنگ لڑنی ہے، آئین سے دور جائیں گے تو تصادم ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ کہتے تھے اگر 15 ہزار لوگ گو عمران گو کا نعرہ لگا دیں تو مستعفی ہو جاؤں گا۔ اب عدالتوں کے پیچھے چھپ رہے ہیں۔ کوئی بھی موجودہ حکومت پر اعتماد کرنے کو تیار نہیں ہے۔ ملک افراتفری کا شکار ہے۔ مہنگائی سے ہر طبقہ پریشان ہے۔