لاہور: صدر مسلم لیگ (ق) چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ نوازشریف کے علاج کی خاطر باہر جانے کے معاملے کو سرکاری گورکھ دھندے میں نہ الجھایا جائے۔ نواز شریف کی درخواست پر انسانی ہمدردی کی بنیاد پر فیصلہ کیا جائے۔
چوہدری شجاعت حسین نے ایک بیان میں کہا کہ کسی کی بیماری پر سیاست نہیں کرنا چاہیے۔ وزیراعظم عمران خان اور وفاقی کابینہ کو چاہیے کہ نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے لیے بڑے دل کا مظاہرہ کریں۔
چوہدری شجاعت نے کہا کہ اگر نوازشریف کو کُچھ ہوگیا تو ملکی سیاست مزید تلخ ہو جائے گی۔ اس لیے ایسا کوئی اقدام نہ کیا جائے جس کا بعد میں ازالہ نہ ہو سکے۔
انہوں نے کہا کہ اس معاملے کو سرکاری گورکھ دھندے میں الجھایا گیا تو ملک میں افرا تفری ہو گی اور ملکی معیشت کو بھی نقصان پہنچے گا جس سے عوام کیلئے بھی مشکلات میں اضافہ ہو گا۔
خیال رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نکالا جائے یا نہیں۔ فیصلہ آج وزیراعظم عمران خان اور اُن کی کابینہ کرے گی۔
قومی احتساب بیورو (نیب) نے اس معاملے پر اپنی رائے دینے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت کسی بھی شخص کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی مجاز ہے۔