وزیراعظم سے قطری مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف کی ملاقات، دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال

وزیراعظم سے قطری مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف کی ملاقات، دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال
کیپشن: image by facebook

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان سے قطری مسلح افواج کے چیف آف سٹاف نے ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے قطری مسلح افواج کے چیف آف سٹاف نے ملاقات کی جس کے دوران اعلیٰ حکام بھی شریک تھے ، لیفٹیننٹ جنرل غنیم بن شاہین نے قطری وزیراعظم کا خصوصی پیغام پہنچایا۔

قطری چیف آف اسٹاف نے وزیراعظم کو عہدہ سنبھالنے پر مبارک باد دی، عمران خان نے دو طرفہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قطر کے ساتھ باہمی تعلقات کا فروغ حکومت کی ترجیح ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے مسلم ممالک میں دوستی اور اچھے تعلقات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ درپیش چیلنجز کا سامنا کرنے کے لیے یکجہتی کی ضرورت ہے، وزیراعظم نے ترکی کے ایک لاکھ پاکستانیوں کو روزگار فراہم کرنے کے فیصلے کو بھی سراہا۔عمران خان نے کہا کہ قطر کا کراچی و اسلام آباد میں لیبر دفاتر کا قیام خوش آئند ہے، وزیراعظم نے قطری ہم منصب کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور کہا کہ امید ہے دونوں ممالک میں مثبت سفارتی و تجارتی تعلقات قائم ہوں گے۔

قطری چیف آف اسٹاف نے کہا کہ پاک قطر دو طرفہ تجارت کو فروغ مل رہا ہے، دونوں ممالک میں تجارت کو مزید وسعت ملے گی، دونوں ممالک کی ترقی و خوشحالی کے لیے قطری حکومت تعاون کرے گی۔