اسلام آباد : وفاقی وزیر مذہبی امور نورالحق قادری نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی تقریر ریاست کی پالیسی تھی ، مذہبی رہنماوں سے بار بار مذاکرات کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آسیہ بی بی رہائی کے خلاف احتجاج کے دوران وزیراعظم عمران خان نے قوم سے جو براہ راست خطاب کیا وہ ریاست کی پالیسی تھی ۔
انھوں نے اس تقریر سے کسی کو اختلاف نہیں ہونا چاہئے ، مذہبی رہنماوں سے بار بار مذاکرات کریں گے ، جلاو گھیراو ، پتھراو ناقابل برداشت ہے ، طاقت کے استعمال سے گریز کریں گے ۔
واضح رہے کہ آسیہ بی بی کی سپریم کورٹ سے رہائی کے خلاف مذہبی جماعتوں نے احتجاج کرتے ہوئے ملک بھر کو جام کر دیا تھا ، مظاہروں کے دوران سرکاری اور عوامی املاک کو نشانہ بنایا گیا ، لوگوں کی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کو سرعام نذر آتش کیا گیا ۔