اسلام آباد میں ہالینڈ کا سفارت خانہ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر عارضی طور پر بند کر دیا گیا۔ سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ ہالینڈ کے ویزا کے لئے طے شدہ انٹرویوز اور نئی ویزا درخواستوں کی وصولی بھی روک دی گئی۔
ذرائع کے مطابق ہالینڈ کا سفارتخانہ بند کرنے کا فیصلہ آسیہ بی بی کی رہائی کے بعد کیا گیا ہے۔ اس متعلق خبریں زیرگردش تھیں کہ آسیہ کو رہائی کے بعد ہالینڈ بھیج دیا جائے گا جب کہ اس سے قبل آسیہ بی بی کے وکیل سیف الملوک جان کو لاحق خطرات کی وجہ سے بیرون ملک روانہ ہو گئے تھے۔
واضح رہے کہ آسیہ بی بی کوتوہین رسالت کے الزام میں 2010 میں لاہورکی ماتحت عدالت نے سزائے موت سنائی تھی۔ لاہور ہائی کورٹ نے بھی آسیہ بی بی کی سزائے موت کے خلاف اپیل خارج کر دی تھی جس کے بعد ملزمہ نے عدالت عظمیٰ میں درخواست دائر کی تھی۔ گزشتہ ماہ 31 اکتوبر کو سپریم کورٹ نے سزا کالعدم قراردے کر آسیہ بی بی کو رہا کرنے کا حکم جاری کیا تھا۔