شہر قائد میں زہریلا کھانا کھانے سے جاں بحق بچوں کا پوسٹمارٹم مکمل

شہر قائد میں زہریلا کھانا کھانے سے جاں بحق بچوں کا پوسٹمارٹم مکمل
کیپشن: فائل فوٹو

کراچی:شہر قائد کے علاقے کلفٹن میں سمندر کنارے واقع معروف ریسٹورنٹ میں زہریلا کھانا کھانے کی وجہ سے جاں بحق دونوں بچوں کا پوسٹمارٹم مکمل کرلیا گیا ہے جبکہ لاشیں سردخانے میں منتقل کردی گئیں ہیںاور نمونے کیمیکل ایگزامن کیلئے محفوط کر لئے گئے۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ رات کراچی کے علاقے کلفٹن میں معروف ریسٹورنٹ کا مبینہ طور پر زہریلا کھانا کھانے سے 2 بچے جاں بحق ہوگئے تھے۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور آئی جی سندھ نے بھی واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کی ہے۔5 سالہ محمد اور ڈیڑھ سالہ احمد کا پوسٹ مارٹم کر لیا گیا، لاشوں کے نمونے پولیس نے کیمیکل ایگزامن کے لئے محفوظ کر لئے، رپورٹ آنے میں 5 سے 10 دن لگ سکتے ہیں۔

پوسٹ مارٹم کے بعد بچوں کی لاشیں سرد خانے منتقل کر دی گئیں۔واقعے کے بعد کلفٹن میں واقع ریسٹورنٹ سیل کر دیا گیا، ملحقہ پلے لینڈ کو بھی تالا لگا دیا گیا، اے ایس پی کلفٹن کے مطابق بچوں کو زہر دینے کے حوالے سے بھی تفتیش کریں گے۔

اہل خانہ کے مطابق بچوں کی والدہ کی حالت خطرے سے باہر ہے، پولیس کی جانب سے 4 ملازمین سے تفتیش جاری ہے۔ متاثرہ فیملی کے گھر پرموجود کھانے کے سیمپل بھی حاصل کر لئے گئے۔ بچوں کی والدہ، والد، ماموں اور دیور سمیت 5 افراد سے بھی پوچھ گچھ ہو رہی ہے۔


خیال رہے کہ شہر قائد کے پوش علاقے کلفٹن میں مضر صحت کھانے سے دو کم سن بچے جاں بحق جب کہ والدہ بے ہوش ہوگئیں۔ایس ایس پی ساؤتھ پیر محمد شاہ کے مطابق جاں بحق بچوں نے زمزمہ پر اور ڈیفنس فیز فور میں واقع نجی ریسٹورنٹس سے کھانا کھایا بعد ازاں کلفٹن پلے لینڈ سے ٹافیاں بھی کھائیں، زہر خورانی سے رات گئے بچوں اور والدہ کی طبیعت خراب ہوگئی۔

ایس ایس پی کا کہنا ہے کہ بچوں کو علی الصباح الٹیاں ہوئیں جس کے بعد دن 12 بجے بچوں اور ان کی والدہ کو نجی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں بچے جانبرنہ ہوسکے اور دم توڑ گئے، ایک بچے کی عمر ڈیڑھ سال اور دوسرا 5 سال کا تھا، خاتون کی حالت اب قدر بہتر بتائی جاتی ہے۔