ویمنز ورلڈٹی 20، بھارت کی فتح،پاکستان کو مسلسل دوسری شکست

09:38 AM, 12 Nov, 2018

گیانا :ویمنز ورلڈ ٹی 20 کرکٹ کپ میں پاکستانی ٹیم اپنے دوسرے امتحان میں بھی ناکام ہوگئی اور روایتی حریف بھارت سے 7 وکٹ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

تفصیلات کے مطابق بھارتی ویمنز کرکٹ ٹیم نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی ، پاکستانی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 7وکٹ کے نقصان پر 133 رنز بنائے اور بھارت کو 134رنز کا ہدف دیا۔

ہدف کے تعاقب میں بھارت نے محض 3وکٹیں گنوا کر 19 اوورز میں میں ہی کامیابی حاصل کرلی ۔بھارت کی جانب سے اوپننگ کرتے ہوئے متھالی راج 47 گیندوں پر 56رنز بناکر کیچ آﺅٹ ہوئی اور نمایاں رہیں، سمرتی مندھانانے 28گیندوں پر 26 سکور بنائے بسمہ معروف کی گیند پر کیچ آﺅٹ ہوگئی، جمیما نے 21گیندوں پر 16رنز بنائے اور ندا ڈار کی گیند پر کیچ آﺅٹ ہوگئی جبکہ کپتان ہرمن پریت کور 14 رنز اور ویدا کرشنامورتی 8 سکور کے ساتھ ناٹ آﺅٹ رہیں۔


اس سے قبل گرین شرٹس کی جانب سے خاتون اوپنر کھلاڑی عائشہ ظفر 6گیندیں کھیل کر بغیر کوئی سکور کئے کیچ آﺅٹ ہوکر پویلین لوٹ گئیں۔ کپتان جویریہ خان بھی کوئی خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکیں اور 15گیندوں پر 17رنز بنا کررن آﺅٹ ہوگئیں۔

عمائمہ سہیل بھی 6گیندوں پر 3سکور بنا کر کپتان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے رن آﺅٹ ہو گئیں۔ بسمہ معروف 49گیندوں پر53رنز بنا کر ہما لتہ کی گیند پر کیچ آﺅٹ ۔ندا ڈار بھی 35گیندوں پر 52رنز بناکر ہما لتہ کی شکار بن گئیں۔

عالیہ ریاض 3گیندوں پر 4سکور بنا کر سٹمپ آوٹ۔ثنا میر 2گیندیں کھیل کر صفر سکور پر سٹمپ آوٹ ہوکر اپنی وکٹ گنوا بیٹھیں جبکہ ناہیدہ خان اور سدرہ نواز ناٹ آﺅٹ رہیں۔خیال رہے کہ اس سے قبل پاکستانی ٹیم کے اپنے افتتاحی میچ میں آسٹریلیا کے ہاتھوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

مزیدخبریں