ننکانہ صاحب: باباگورونانک کے 548ویں جنم دن کی تقریبات میں شرکت کے لئے دوہزار سے زائد بھارتی سکھ یاتری خصوصی ٹرینوں کے ذریعے واہگہ بارڈر کے راستے گورودوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب پہنچ گئے۔تفصیلات کے مطابق سکھ مذہب کے بانی و روحانی پیشوا بابا گورونانک کے 548ویں جنم دن کی تقریبات میں شرکت کے لئے 2ہزار سے زائد بھارتی سکھ یاتری گزشتہ شام خصوصی ٹرینوں کے ذریعے ریلوے اسٹیشن ننکانہ صاحب پہنچے جہاں ضلعی انتظامیہ اور متروکہ وقف املاک بورڈ کے افسران نے یاتریوں کا پرتپاک استقبال کیا اور ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کرتے ہوئے انہیں پھولوں کے ہار پہنائے گئے ۔
ریلوے اسٹیشن ننکانہ صاحب پہنچتے ہی سکھ یاتریوں نے اپنے مذہبی نعرے (جو بولے سونہال، ست سری اکال، واہے گوروجی کا خالصہ ، واہے گوروجی کی فتح) کے فلک شگاف نعرے لگائے، بھارتی سکھ یاتریوں کو ریلوے اسٹیشن ننکانہ صاحب سے سپیشل بسوں کے ذریعے پولیس کے کڑے پہرے میں گورودوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب پہنچایا گیا . بھارتی سکھ یاتریوں کی ننکانہ صاحب آمد کے موقعہ پر ریلوے روڈ اور اس سے ملحقہ تمام راستوں کو خاردار تاریں . بیرئیر اور قناعتیں لگا کر بلاک کردیا گیا تھا اور ریلوے روڈ پر کسی بھی غیر متعلقہ شخص کو داخلہ کی اجازت نہ تھی۔ سکھ یاتری ننکانہ صاحب میں واقع ساتوں گورودواروں کی یاترا کرنے کے علاوہ اپنی دیگر مذہبی رسومات کی ادائیگی میں مصروف ہیں۔