واشنگٹن: وائٹ ہاؤس کے آفیشل فوٹو گرافر پیٹی سوزا نے صدر باراک اوباما کی بطور صدر وائٹ ہاؤس میں قیام کے دوران 20 لاکھ سے زائد تصاویر اتاریں تاہم انہوں نے ان میں سے اپنی پسندیدہ چند انتہائی دلچسپ تصاویر جاری کی ہیں۔ڈپٹی نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر بین روڈیس 4 جولائی 2015 کو اپنی کمسن بچی کو وائٹ ہاؤس لے کر آئے تو بچی صدر اوباما کے اوول آفس میں زمین پر رینگنے لگی تو صدر اوباما سے رہا نہ گیا اور وہ بھی بچی کے ساتھ بچے بن کر زمین پر گھٹنوں کے بل بیٹھ گئے اور بچی کی آنکھوں میں دیکھ کر اسے مخاطب کرتے رہے۔ یہ نظارہ بھی فوٹوگرافر نے کیمرے میں محفوظ کیا۔وائٹ ہاؤس میں موسمیاتی تبدیلی کے موضوع پر اجلاس سے قبل صدر اوباما پریشانی کا شکار ہیں جب کہ تصویر میں ان کے سینئر مشیر ڈیوڈ ایگزلروڈ کو بھی دیکھا جاسکتا ہے۔ فوٹو گرافر پیٹی سوزا نے اس تصویر کو اپنی 20 لاکھ سے زائد تصاویر میں سے دلسچپ قرار دیا جب کہ اس تصویر کے حوالے سے فوٹو گرافر کا کہنا ہے کہ اجلاس کے بعد صدر اوباما کو ہشاش بشاش اور قہقے لگائے ہوئے دیکھا گیا تھا۔
وائٹ ہاؤس کے دورے کے موقع پر 15 نومبر 2012 کو صدر اوباما کی اولمپکس جیمناسٹک ٹیم کے ہمراہ لی گئی ایک دلچسپ تصویر جس میں خاتون کھلاڑی اور صدر اوباما پوز دے رہے ہیں۔
ریاست نارتھ کیرولینا کی یونیورسٹی آف کیرولینا کے دورہ کے موقع پر صدر اوباما کو لیپ ٹاپ پر تقریر کے نکات کے بارے میں بتایا جارہا ہے جسے پڑھ کر اوباما بے ساختہ ہنس رہے ہیں۔ یہ تصویر 24 اپریل 2012 کو لی گئی جسے فوٹو گرافر نے پھرتی دکھاتے ہوئے محفوظ کیا۔