سلیکان ویلی: سماجی رابطوں کی سب سے بڑی عالمی ویب سائٹ فیس بُک پر گزشتہ روز اس وقت دلچسپ لیکن تکلیف دہ صورتِ حال پیدا ہوگئی جب اس میں آنے والی ایک خرابی نے کروڑوں زندہ صارفین کو نہ صرف مردہ قرار دے دیا بلکہ ان کی پروفائلز پر یادگاری بینر بھی پوسٹ کردیا۔
یہ یادگاری بینر اُن لوگوں کی فیس بُک پروفائلز کےلئے تیار کیا گیا تھا جو اس دنیا میں نہ رہے ہوں، تاکہ ان ’’مرحومین‘‘ کے احباب فیس بُک استعمال کرتے ہوئے ان کی اسٹیٹس اپ ڈیٹس، پوسٹوں اور شیئرز کے توسط سے انہیں یاد رکھ سکیں۔
البتہ اس یادگاری بینر کی خودکار پوسٹنگ سے متعلق پروگرام میں ایک خرابی واقع ہوگئی جس کے نتیجے میں یہ چند گھنٹوں کے دوران کروڑوں صارفین کی پروفائلز میں پوسٹ ہوگیا۔ اس خرابی نے فیس بُک کے بانی، مارک زکربرگ کو بھی نہیں بخشا اور ان کی پروفائل میں بھی خود بخود یہ یادگاری بینر ظاہر ہوگیا۔
’’بہت خوبیاں تھیں مرنے والے میں‘‘ کے مصداق، ایسے ہر بینر میں مرنے والے کو اچھے الفاظ سے یاد کیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ احباب اس کی یادوں سے خوشی اور سکون حاصل کریں گے۔
فیس بُک کے تکنیکی عملے نے اس خرابی کا علم ہوتے ہی اسے فوراً دور کردیا لیکن تب تک بہت سے لوگوں کے مرنے کی غلط خبر (یادگاری بینر کے ذریعے) ان کے احباب میں پھیل چکی تھی جس کی وجہ سے کئی صارفین کو اپنے زندہ ہونے کا اسٹیٹس اپ ڈیٹ کرنا پڑا۔
بہت ممکن ہے کہ آپ کے فیس بُک اکاؤنٹ کے ساتھ ایسا نہ ہوا ہو لیکن بہتر ہوگا کہ احتیاطاً ایک بار اپنی ٹائم لائن دیکھ لیجئے اور ’’اگر زندہ ہیں‘‘ تو اپنے زندہ ہونے کا پیغام بھی اپنے دوستوں کےلئے چھوڑ دیجئے گا۔