ممبئی: بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کی اہلیہ اور پروڈیوسر گوری خان نے اپنی تصاویر حذف کرنے کے لیے فوٹو گرافر کو 5 ہزار رشوت کی پیش کش کی لیکن فوٹو گرافر نے پیسے لینے سے انکار کردیا۔
بالی ووڈ اسٹار شاہ رخ خان کی اہلیہ گوری خان مشہور شخصیت ہونے کے باوجود میڈیا پر تشہیر سے دور رہتی ہیں لیکن پھر بھی کسی نہ کسی طرح شہ سرخیوں میں آہی جاتی ہیں تاہم اب ان کی اپنی تصویر کامعاملہ سامنے آیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق گوری خان اپنے نئے شوروم کے لیے جگہ تلاش کررہی تھیں کہ ایک فوٹو گرافر کی جانب سے ان کی تصاویر اتاری گئیں جس پر انہوں نے سیکیورٹی گارڈ کو بھیج کرتصاویرحذف کرانے کا کہا لیکن فوٹو گرافر نے تصاویر حذف کرنے سے انکار کردیا جس کے بعد گوری خان نے خود فوٹو گرافر کے پاس جا کر تصاویر ڈیلیٹ کرانے کی درخواست کرتے ہوئے اسے 5 ہزار روپے دینے کی بھی پیش کش کی تاہم فوٹو گرافر نے صاف انکار کردیا۔
دوسری جانب فوٹو گرافر کا تصاویر ڈیلیٹ کرنے انکار کرتے ہوئے کہنا تھا کہ گوری خان کی تصاویر میں ایسی کوئی بات نہیں ہے جس سے ان کی ساکھ یا عزت کو نقصان پہنچے لہٰذا کسی صورت تصاویر کوحذف نہیں کروں گا۔