کراچی : اداکار فہد مصطفی نے کہا ہے کہ ایکٹر نہیں ڈینٹسٹ بننے کی خواہش تھی ، داخلہ بھی لیا مگرپھر جلد ہی دل بھر گیا اور ایک فارمیسی سکول میں چلا گیا ، وہاں بھی زیادہ دن تک من نہیں لگا اور بھاگ آیا ، اسی طرح کے کئی شعبوں میں کام کیا مگر بے چین روح کو کہیں قرار نہ ملا کیونکہ فطرتاً ایسا ہوں۔
اسی طرح قسمت اچانک شوبز کی دنیا میں لے آئی ۔ ایک جیسا کام کرتے ہوئے بور ہوجاتا ہوں ، شوبز کی دنیا میں بھی میرے ساتھ یہی کچھ ہوا کہ جب ایکٹنگ سے اکتاہٹ ہونے لگی تو میزبانی کی جانب چلا گیا اور جب اس سے دل بھر گیا تو پروڈکشن کی طرف آگیا ، ایک بار اپنی فطرت کے برخلاف منصوبہ بندی کرکے مارننگ شو کیا تھا،جس کی میزبانی کرنا کیریئر کی بڑی غلطی سمجھتا ہوں کیونکہ اس شو میں بہت کچھ ایسے کام کرنا پڑے جو میری نیچر کیخلاف تھے ، مثلاً کچھ ایسے لوگوں کے انٹرویوز کئے جن کے کریڈٹ پر کوئی خاص کارنامے نہیں تھے ۔