اسلام آباد : سابق وزیر اعظم نواز شریف کے قریبی ساتھی اور سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ کوئی ادارہ بند گلی میں نہیں گیا، صرف تحریک انصاف بند گلی میں چلی گئی ہے جو سیاست دانوں سے بات کرنا نہیں چاہتی اور جن سے کرنا چاہتی ہے انہوں نے دوٹوک جواب دے دیاہے۔
انہوں نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر لکھا کہ اب سارے دروازے ہی نہیں، کھڑکیاں اور روشندان بھی بند ہو چکے ہیں۔ علوی صاحب کے پاس صرف ایک ہی آپشن بچا ہے کہ وہ اڈیالہ جاکر اپنے لیڈر سے مذاکرات کریں اور انہیں سمجھائیں کہ دنیا بدل چکی ہے اور انہیں بھی اب نئی حقیقتوں کو تسلیم کر لینا چاہیے۔
قبل ازیں نجی ٹی وی کو انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف کسی بھی سیاسی انتقام کے شدید خلاف ہیں وہ کسی کیساتھ ناانصاف نہیں چاہتے اور نہ ایسے کیسز چاہتے ہیں جیسے انکے خلاف بنے۔ لیکن یہ کہنا کہ وہ عمران خان کی رہائی چاہتے ہیں یہ درست نہیں۔ نو مئی کے جرائم کے حوالے سے انکی وہی سوچ ہے جو عمومی سیاستدانوں، آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس پی آر کی ہے۔