ریاض : سفارتی تعلقات بحال ہونے پر سعودی عرب نے ایران میں اپنا نیا سفیر مقرر کردیاہے۔ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان کا کہنا ہے کہ ایران بھی جلد سعودی عرب میں اپنا نیا سفیر تعینات کرے گا۔
دوسری طرف ایران کے وزیر خزانہ احسان خاندوزی کی قیادت میں وفد جدہ پہنچ گیا ۔چین کی ثالثی میں سفارتی تعلقات کی بحالی میں اتفاق کے بعد یہ کسی ایرانی عہدیدار کا سعودی عرب کا پہلا دورہ ہے۔
سعودی میڈیا کے مطابق وفد سعودی حکام کے ساتھ دوطرفہ ملاقاتیں کرے گا اور اسلامی ترقیاتی بینک کے اجلاسوں میں شرکت کرے گا۔سعودی عرب اور ایران نے مارچ میں چین کی ثالثی کے بعد فارتی تعلقات بحال کرنے پراتفاق کیا تھا۔ چین میں اس حوالے سے فریقین کے درمیان پہلی ملاقات 10 مارچ کو جب کہ وزرائے خارجہ کی ملاقات 6 اپریل کو ہوئی تھی۔
سعودی عرب نے 2016ء میں تہران میں اپنے سفارت خانے اور مشہد میں قونصل خانے پرحکومت کے حامی مظاہرین کے حملے کے بعدایران کے ساتھ تعلقات ختم کردیے تھے۔