لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ جو لوگ کہتے تھے (ن) اور (ش) میں دراڑ پڑچکی ہےانہیں جواب مل چکا ہے،(ن) اور (ش) میں کوئی دراڑ نہیں یہ پہلے سے زیادہ مضبوط ہیں، ملک میں الیکشن تو ہونا ہے، مخلو ط حکومت بڑے فیصلے نہیں کرسکتی۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ عمران خان کو آئینی طریقےسےگھر بھیجا گیا ہے،عمران خان سیاسی شہید نہیں،وہ الٹےبھی لٹک جائیں ان کا سیاسی مستقبل ختم ہوچکاہے۔ عمران خان کی 4 سال کی کارکردگی ان کا منہ چڑا رہی ہے، جو 4 سال کی کارکردگی نہ دکھا سکے تو سازش، مراسلے کی ضرورت پڑتی ہے۔انکا کہنا تھا کہ پاکستان کیخلاف جتنی سازش عمران خان نے کی اتنی کسی اور نے نہیں کی۔عمران خان کہتے تھے جب اقتدار سے باہرہوں گاتوزیادہ خطرناک ہو جاؤں گا،قوم سے روٹی،چینی،ادویات چھین لی وہ خطرناک نہیں تو اورکیا ہوگا۔جب پوچھو ادویات،آٹا مہنگا کیوں ہو اتو کہتا ہے خط آگیا سازش ہوگئی۔انہوں نے عمران خان پر مزید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کے دور میں ڈالر 104 سے 189روپے پر پہنچا،عمران خان نے آئل اور ڈیزل کی قیمتوں کو جس تیزی سے اوپرپہنچایا وہ اپنی مثال آپ ہے۔مریم نواز نے کہا کہ عمران خان لوگ جانتے ہیں معیشت کی تباہی،ڈالر کی اڑان آپ کی وجہ سے ہے، لوگ جانتے ہیں آج ملک میں جس قدر مہنگائی کا طوفان ہے وہ آپ کی وجہ سےہے۔عمران خان 4 سال میں پاکستان کو 400 سال پیچھےدھکیل کر گئے ہیں،پاکستان کو ترقی کے راستے پر دوبارہ گامزن کرنے کیلئے بہت سال لگ جائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان نے اپنے دوستوں اور اے ٹی ایمز کوکروڑوں روپے ماہوارپرنوکریاں دیں،عمران خان کہتے تھے ایک کروڑ نوکریاں دیں گے،معلوم ہوا فرح خان نے کروڑوں روپے لے کر نوکریاں دیں،مریم نواز نے سابق وزیراطلاعات پر الزام لگاتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے رشتہ داروں کو نوکریوں پر لگواتے رہے۔
ملک میں الیکشن ہونا ہے اور مسائل کا حل الیکشن میں ہی ہے، مخلو ط حکومت بڑے فیصلے نہیں کرسکتی۔ فتنوں میں الجھنے کےبجائےنوازشریف کو دوتہائی اکثریت دیں۔انہوں نے مزید کہا کہ افواج پاکستان ہمارے لئے انتہائی محترم ادارہ ہے۔
مریم نواز نے نیب کیس کے حوالے سے کہا کہ میری اپیل کو شروع ہوئے10 ماہ ہوچکے ہیں، نیب میرے کیس میں کوئی ثبوت اب تک پیش نہیں کرسکا، اگرنیب کے پاس ثبوت ہوتے تو وہ اسے عدالت کے سامنے رکھتے، جب سے کرسی ہلی تب سے نیب کے پاس کوئی جواب نہیں، اگرنیب کےپاس کوئی ثبوت نہیں تو مجھے باعزت بری کردیا جائے۔ انہوں نے عدالت سے مطالبہ کیا کہ نیب کے ثبوت پیش نہ کرنےپراس کی زیادتی کا نوٹس لے۔ْاگرمیں نے کوئی غلط کام کیا ہے تو بےشک مجھے ٹانگ دیا جائے،اگرکوئی غلط کام نہیں کیا اور نیب ثبوت نہیں دے سکاتو اس کیخلاف کارروائی کریں۔