کراچی: وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) سندھ کے سائبر کرائم ونگ نے کراچی، حیدرآباد، سکھر اور گھوٹکی سے خواتین کو ہراساں کرنے اور چائلڈ پورنوگرافی کے الزام میں 6 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔
ایف آئی اے سندھ کی جانب سے جاری کئے گئے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ دو مشتبہ افراد ماجد محبوب اور محسن علی کو کراچی سے گرفتار کر کے ان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔ زیر حراست ملزمان ماڈلنگ کے شعبہ میں جدوجہد کرنے والی لڑکیوں کی ویڈیو بنا کر انہیں بلیک میل اور ہراساں کرتے تھے۔
اعلامیہ کے مطابق مرکزی ملزم نے ایک متاثرہ لڑکی کی فحش ویڈیو بنائی اور اور اپنے دوست کے ساتھ شیئر کی جسے اس نے مختلف واٹس ایپ گروپس میں شیئر کیا۔ مرکزی ملزم سے 20 مختلف لڑکیوں کی فحش ویڈیوز برآمد ہوئی ہیں اور ایف آئی اے نے تمام آلات و سامان قبضے میں لے کر فرانزک کیلئے بھیج دیا ہے۔