پشاور: مقامی اور غیر سرکاری رویت ہلال کمیٹی نے شوال کا چاند نظر آنے کا اعلان کر دیا ہے جس کے مطابق عید الفطر 13 مئی بروز جمعرات منائی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق پشاور میں مقامی رویت ہلال کمیٹی نے شوال کا چاند نظر آنے کا اعلان کر دیا ہے اور مفتی پوپلزئی کا کہنا ہے کہ عیدالفطر کل منائی جائے گی۔ مفتی پوپلزئی کا کہنا ہے کہ مردان، چارسدہ، صوابی، کوہات سمیت متعدد علاقوں سے 189 شہادتیں موصول ہوئی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کل بروز جمعرات عیدالفطر منائی جائے گی جبکہ موصول ہونے والی تمام شہادتیں زونل کمیٹی تک بھی پہنچا چکے ہیں۔
دوسری جانب شوال کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کی زیر صدارت اسلام آباد میں جاری ہے جبکہ چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں زونل کمیٹیوں کے اجلاس ہوئے اور ملک بھر سے شوال کا چاند نظر آنے کی شہادتیں اکٹھی کی جا رہی ہیں۔
واضح رہے کہ کراچی اور سکھر میں شوال کا چاند نظر نہ آنے پر زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس ختم کئے جا چکے ہیں۔ سکھر سے مفتی محمد ابراہیم قادری نے باضابطہ طور پر چاند نظر نہ آنے اور اجلاس ختم کرنے کا اعلان کیا جبکہ کراچی میں زونل رویت ہلال کمیٹی نے بھی چاند نظر نہ آنے کا اعلان کرتے ہوئے اجلاس ختم کر دیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق اسلام آباد، کراچی، سکھر، ملتان، کوہاٹ اور لاہور میں بھی چاند نظر نہیں آیا۔
یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شوال کے چاند کی پیدائش تو ہو گئی ہے لیکن آج چاند نظر آنے کے امکانات کم ہیں کیونکہ غروب آفتاب کے وقت لاہورمیں چاند کی عمر 19 گھنٹے 17 منٹ ہو گی اور اس کی عمر 25 گھنٹے ہو تو نظر آنے کے امکانات ہوتے ہیں۔