کابینہ کی ذیلی کمیٹی کی شہباز شریف کا نام ای سی ایل پر ڈالنے کی سفارش

کابینہ کی ذیلی کمیٹی کی شہباز شریف کا نام ای سی ایل پر ڈالنے کی سفارش
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: کابینہ کی ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے متعلق ذیلی کمیٹی کے اجلاس میں شہباز شریف کا نام ای سی ایل پر ڈالنے کی سفارش کرتے ہوئے معاملہ وفاقی کابینہ کو بھجوانے کا فیصلہ کیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق حکومت پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کیلئے متحرک ہو گئی ہے اور کابینہ کی ای سی ایل سے متعلق ذیلی کمیٹی کے اجلاس میں نیب سفارشات کا جائزہ لینے کیساتھ شہباز شریف کا نام ای سی ایل پر ڈالنے کی سفارش کی گئی۔
 ذرائع کا کہنا ہے کہ شہباز شریف کا نام ای سی ایل پر ڈالنے کا معاملہ وفاقی کابینہ کو بھجوانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے اور ان کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی حتمی منظوری بھی کابینہ ہی دے گی۔ 
دوسری جانب ترجمان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ کیا شہباز شریف کا نام ای سی ایل پر ڈالنے سے پاکستان کا قرض کم ہو گا؟ حدیبیہ کیس کھولنے سے کیا حکومت کی نالائقی چھپ جائے گی؟ پاکستان کا قرض فروری میں 36 ہزار ارب روپے سے تجاوز کرچکا ہے اور حکومت مکمل ناکام ہو چکی ہے۔